اوتھل (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے میں تعلیم کے فروغ اور بہتری کے لیئے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پارلیمانی سیکریٹری برائے سیاحت و ثقافت اور رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ میر زرین خان مگسی نے بیلہ میں ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (میل) سید حسن شاہ قریشی سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔جس میں بیلہ سب ڈویڑن میں جاری تعلیمی صورتحال، درپیش چیلنجز اور مستقبل کی ترجیحات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران نوابزادہ زرین خان مگسی نے کہا کہ تعلیم ہر معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور بلوچستان کے بچوں کو معیاری اور آسان تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ترقیاتی اسکیموں میں تعلیمی اداروں کے انفرااسٹرکچر کی بہتری، اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے، اور غیر فعال اسکولوں کی بحالی کے لیئے جامع تجاویز تیار کی جا رہی ہیں۔ڈی ڈی او ایجوکیشن بیلہ سید حسن شاہ قریشی نے رکن اسمبلی کو بیلہ میں موجود سرکاری اسکولوں کی موجودہ صورتحال، ناکافی سہولیات، تدریسی عملے کی قلت، اور اسکولوں کی فعالی کے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بعض تعلیمی ادارے انفرااسٹرکچر کی ابتر حالت یا عملے کی عدم دستیابی کے باعث فعال نہیں ہو پا رہے، جس سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔نوابزادہ زرین خان مگسی نے اس موقع پر یقین دہانی کروائی کہ بیلہ کے تمام تعلیمی اداروں کو ترقیاتی پروگراموں میں شامل کیا جائے گا اور ان مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے فوری رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی میدان میں مثبت تبدیلی لانے کے لیئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مربوط انداز میں کام کرنا ہوگا۔ملاقات میں تعلیمی اصلاحات کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں اور فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے مرتب کردہ سفارشات کو آئندہ بجٹ میں شامل کر کے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ عوامی و تعلیمی حلقوں نے اس ملاقات کو علاقے میں تعلیمی ترقی کی سمت اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں، میر زرین خان مگسی

ٹیگز:
میر زرین
