عدلیہ کا احترام کرتے ہیں مگر سیاستدانوں کو کمزور نہ سمجھا جائے، خواجہ آصف
سیالکوٹ(ڈیلی گرین گوادر) وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی ضرور ہونی چاہیے۔سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے لیے پارلیمنٹ میں اتحادیوں سے مشاورت کریں گے، تحریکِ انصاف کا مقصد صرف اور صرف اقتدار ہے۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان ہے تو ہمارے قائدین ہیں، آئین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف آرٹیکل 6 لگتا ہے، بیرونی طاقتوں کو جا کر آمادہ کیا جاتا ہے کہ پاکستان مخالف باتیں کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آئین کے تحفظ کا حلف اٹھایا ہے، آج کل کون کون سے ادارے آئینی حدود سے تجاوز کر رہے ہیں؟
توہین عدالت کی کارروائی جب بھی ہوئی سیاستدانوں کے خلاف ہوئی۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو شہداء کی توہین ہوئی اس پر کوئی سزا اور جزا نہیں، عدالت میں کوئی اونچا بول دے تو توہینِ عدالت ہو جاتی ہے، 9 مئی کے دن شہداء کے خون کی توہین ہوئی۔مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ تمام آئینی ادارے تحفظ کے مستحق ہیں، آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ کسی ادارے کی عزت زیادہ ہے اور کسی کی کم ہے، برا وقت کسی بھی پارٹی پر ہوتا ہے تو شفقت محمود فرار ہو جاتے ہیں۔ان کا مزید کہنا ہے کہ نواز شریف کے کیس میں مانیٹرنگ جج لگایا گیا تاکہ اسکرپٹ کے تحت فیصلہ ہو، کیا عدالتوں سے ہمیں انصاف ملتا تھا؟ کیا ہماری ضمانتیں ہوتی تھیں؟وزیرِ دفاع نے یہ بھی کہا کہ ہم سیاستدانوں کو اتنا کمزور نہ سمجھا جائے کہ ان کا آئین اور قانون سازی کا حق بھی استعمال کیا جائے، وزیرِ اعظم کے خلاف سازش کی گئی دھرنے دیے گئے، 26 لاکھ کیسز التواء کا شکار ہیں، سیاست سیاست کھیلنے سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔