گوادر(ڈیلی گرین گوادر)یونیورسٹی آف گوادر میں سمسٹر اسپرنگ 2027 اور فال 2026 داخلوں، زیرو سمسٹر کے کلاسز اور دیگر تعلیمی و انتظامی امور کا جائزہ لینے کے لیے وائس چانسلر سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوئی جس کی صدارت وائس چانسلر گوادر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔ اجلاس میں رجسٹرار ڈاکٹر دولت خان، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رحیم مہر، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر جان محمد، ڈین سائنس، انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر محب اللہ ، مختلف تدریسی شعبہ جات کے چئیرپرسنز سمیت دیگر متعلقہ انتظامی افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسپرنگ 2027 کے زیرو سمسٹر داخلوں کی تیاریوں، داخلہ عمل، تعلیمی تقاضوں اور نئے داخل ہونے والے طلبہ کے لیے ضروری انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس کے علاوہ فال 2026 داخلوں سے متعلق پیش رفت اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔شرکاء نے مختلف تعلیمی و انتظامی امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ مختلف شعبہ جات کے چیئرمینز نے تعلیمی منصوبہ بندی، شعبہ جاتی ضروریات اور تعلیمی سرگرمیوں کے مؤثر نفاذ سے متعلق اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں۔ اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ داخلہ عمل کو منظم انداز میں مکمل کرنے، مؤثر تعلیمی منصوبہ بندی اور تمام متعلقہ سرگرمیوں کی بروقت تکمیل کے لیے یونیورسٹی کے تمام تعلیمی و انتظامی شعبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے متعلقہ افسران اور شعبہ جات کو ہدایت کی کہ تمام فیصلوں پر بروقت عمل درآمد، مؤثر رابطہ کاری اور مقررہ تعلیمی و انتظامی ضوابط کی پابندی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جامع منصوبہ بندی اور اجتماعی کاوشیں یونیورسٹی آف گوادر کے تعلیمی ماحول کو مزید مضبوط بنانے اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
یونیورسٹی آف گوادر میں نئے سمسٹر میں داخلوں سمیت زیرو سمسٹر اور تعلیمی امور کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد

ٹیگز:
یونیورسٹی آف گوادر
