میاں محمد نواز شریف پاکستان کو معاشی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے آرہے ہیں، شیخ جعفر مندوخیل

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام میاں نواز شریف کا والہانہ استقبال کر کے ثابت کریں گے کہ بلوچستان مسلم لیگ (ن)کا قلعہ ہے،میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے 15ہزار سے زائد کارکن صوبے کے طول و عرض سے 20اکتوبر کو لاہور روانہ ہونگے، صوبے کی تاریخ میں کسی بھی سیاسی لیڈر کااستقبال نہیں کیا گیا ہو گا جو مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے کارکن کریں گے۔یہ بات انہوں نے منگل کو اپنے دفتر میں مسلم لیگ(ن) بلوچستان کی سینئر قیادت کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ میاں نواز شریف کی آمد، استقبال اور جلسے میں کارکنوں کی شرکت کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں 20اکتوبر کو کوئٹہ، ژوب، چمن، لورالائی، گوادر، جعفر آباد، تفتان، نصیر آباد، سبی، کوہلو، بارکھان، موسیٰ خیل سمیت صوبے بھر سے 15ہزار کارکن میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے لاہور روانہ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا جلوس یہ ثابت کریگا کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن) کا گڑھ ہے صوبے کی تاریخ میں کسی سیاسی لیڈر کا اتنا شاندار استقبال نہیں کیا گیا ہوگا جو مسلم لیگ(ن) کے کارکن لاہور میں اپنے قائد کا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف ایک سوچ کا نام ہے،پاکستان کے تمام میگا پروجیکٹس پر آپ کو صرف نواز شریف کی تختی نظر آئے گی۔ انہوں نے کہاکہ کارکن میاں نواز شریف کے استقبال کے لئے پر جوش ہیں 21 اکتوبر کوملک بھر سے لاکھوں لوگ میاں نواز شریف کا استقبال کرنے لاہور جائیں گے۔شیخ جعفر مندوخیل نے کہاکہ پاکستان ترقی کا سفر وہیں سے شروع کرے گا جہاں میاں محمد نواز شریف 2018 میں چھوڑ کر گئے تھے، جب ہمارے لیڈر کے قدم اس پاک دھرتی پر پڑیں گے اس دن پاکستان کی تقدیر بدلے گی۔ انہوں نے کہاکہ اس دفعہ پھر میاں محمد نواز شریف پاکستان کو معاشی دلدل سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے آرہے ہیں میاں محمد نواز شریف ہماری قوم کی اخری امید ہیں ہمارے قائد کا استقبال تاریخی ہوگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے