اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) آئی ایم ایف کا پاکستان کے ساتھ قرض پروگرام کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی کا جائزہ نومبر میں لیے جانے کا امکان ہے۔
پہلی سہ ماہی کا معاشی ڈیٹا اکتوبر کے وسط تک آئی ایم ایف کو فراہم کر دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران حکومت کو توانائی اور ٹیکس کے شعبوں میں مشکلات کا سامنا رہا، نگران حکومت نے پہلی سہ ماہی کیلئے توانائی کے اہداف حاصل کر لیے ہیں، آئی ایم ایف کے ٹیکس اہداف پر بھی کافی پیش رفت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف ٹیکس وصولی بڑھانے کیلئے مزید نئی شرائط عائد کر سکتا ہے، بجٹ خسارے کے ہدف کو حاصل کرنے کیلئے صوبوں کا کردار انتہائی اہم ہے، نگران وزیر خزانہ نے صوبوں کو اخراجات میں کمی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وفاقی حکومت کے اخراجات میں کمی کیلئے اہم اقدامات کیے گئے ہیں، وفاقی ترقیاتی بجٹ میں صرف اہم منصوبوں کو ہی فوقیت دی جائے گی۔

