لاہور (ڈیلی گرین گوادر) جناح ہاؤس حملہ سمیت 11 مقدمات کا ابتدائی چالان لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں جمع کرا دیا گیا جس میں چئیرمین پی ٹی آئی و سابق وزیرعظم عمران خان سمیت دیگر کو ملزم قرار دیا گیا پراسکیوشن نے جے آئی ٹی کی جانب سے بھجوائے گئے 9 مئی واقعات سے متعلق 11 مقدمات کے چالان کو انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔
جناح ہاؤس حملہ کیس کا چالان 3 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ہے جس میں چئیر مین پی ٹی آئی عمران خان، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ سمیت پی ٹی آئی کی دیگر قیادت کو قصور وار قرار دیا گیا ہے۔جن مقدمات کا چالان پیش کیا گیا ہے ان میں جناح ہاؤس حملہ کیس، عسکری ٹاور حملہ، تھانہ شادمان کو جلانے اور شیر پاؤ پل پر جلاؤ گھیراؤ شامل ہیں۔
پراسکیوشن کی جانب سے جمع کرائے گئے چالان میں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ خدیجہ شاہ، صنم جاوید، طیبہ راجہ، سابق ایم این اے عالیہ حمزہ کو بھی قصور وار قرار دیا گیا ہے۔پراسکیوشن کے مطابق 9 مئی واقعات سے متعلق دیگر مقدمات کا چالان بھی جلد انسداد دہشتگری کی خصوصی عدالت میں جمع کرا دیئے جائیں گے۔
خیال رہے کچھ روز قبل انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے روبینہ جمیل اور دیگر 8 افراد کی بعد از گرفتاری ضمانت منظور جب کہ سابق ایم این اے عالیہ حمزہ اور فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ سمیت 39 افراد کی ضمانت مسترد کی تھی۔
سرور روڈ پولیس نے 9 مئی کے پر تشدد واقعات کے دوران جناح ہاؤس پر حملہ کرنے کے الزام میں پی ٹی آئی کے کئی رہنماؤں اور سیکڑوں کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔

