کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پی آئی اے، سٹیل مل اور ریلوے جیسے ادارے ہمارے ملک کا فخر رہے ہیں شروع شروع میں یہ ادارے منافع بخش رہے لیکن بعدازاں ان کی کارکردگی بتدریج گرتی گئی اور یہ منافع بخش ادارے بننے کی بجائے سینکڑوں ارب روپے خسارے میں جانے لگے گزشتہ تین دہائیوں سے ہمارے قومی اداروں کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی یہ منافع بخش بننے کی بجائے قومی خزانے پر بوجھ بننے لگے اور اربوں روپے سالانہ منافع کماتے کماتے یہ ادارے اربوں روپے سالانہ خسارے میں جانے لگے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹرعبدالقادرنے کہا کہ پاکستان کے تمام اداروں کی کارکردگی مجموعی طور پر زوال پذیر ہوئی ہے اسکی سب سے بڑی وجہ ان اداروں میں سیاسی اثر و رسوخ کا بے تحاشا عمل دخل اور کرپشن ہے سیاسی بنیادوں پر ہونے والی بھرتیوں اور بڑھتی ہوئی کرپشن نے ان منافع بخش اداروں کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے ضرورت اس امر کی ہے ان اداروں سے ضرورت سے زیادہ ہونے والی بھرتیوں کو ضرورت کے مطابق کیا جائے تاکہ اداروں کی کارکردگی پر بھی برا اثر نہ پڑے اور ادارے مالیاتی بحران کا شکار بھی نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے، سٹیل ملز اور ریلوے جیسے اداروں کی فوری طور پر نجکاری کر دی جانی چاہئے تاکہ یہ ادارے ملک کے لئے سفید ہاتھی نہ بنے رہیں مختلف مافیاز نے مختلف اداروں کو برباد کر کے رکھ دیا ہے ان مافیاز کا گہرا اثر و رسوخ حکومتوں پر رہتا ہے اسی لئے یہ کرپشن کے سبب اداروں کا بیڑا غرق کر دیتے ہیں اداروں کی تباہی میں بیوروکریسی، سیاستدان اور مافیاز گٹھ جوڑ نے اہم کردار ادا کیا ہے یہ گٹھ جوڑ اس قدر طاقتور ہے کہ آ ج تک کوئی حکومت اس کو توڑ نہیں سکی۔چیئرمین قائمہ کمیٹی عبدالقادر نے کہا کہ ہم ان بیمار اداروں کے ساتھ جدید دنیا میں آگے نہیں بڑھ سکتے ہمیں ان بیمار یونٹس کا فوری طور پر شافی علاج کرنا ہوگا انکی فوری نجکاری کرنی ہوگی تمام اداروں کی ڈاؤن سائزنگ کرنی ہوگی تاکہ اداروں کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنایا جا سکے پی آئی اے جیسا ادارہ اپنی کارکردگی اور معیار کے اعتبار سے دنیا بھر میں ملک کی بدنامی کا باعث بنا ہوا ہے اس ادارے کی نجکاری فوری طور پر کر دی جائے تا کہ یہ منافع بخش بھی بن سکے اور دنیا میں ملک کا وقار بھی بلند ہو سکے۔
فواد حسن فواد کی زیر سرپرستی پی آئی اے، اسٹیل ملز اور ریلوے جیسے اداروں کی فوری نجکاری احسن اقدام ہے، سینیٹرعبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
