اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا، ایوان صدر میں چیف جسٹس آف پاکستان کی تقریب حلف برداری ہوئی، تقریب حلف برداری میں نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، آرمی چیف، وفاقی وزراء ججز اور سابق ججز نے شرکت کی۔سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چودھری نے بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کی، تقریب میں چاروں صوبوں کے گورنرز نے بھی شرکت کی۔
حلف برداری کے موقع پر ان کی اہلیہ ہاتھ میں چھڑی تھامے سٹیج پر آئیں، صدر مملکت عارف علوی نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے عہدے کا حلف لیا، اس موقع پر ان کی اہلیہ ساتھ کھڑی رہیں ۔حلف اٹھانے کے بعد مسسز قاضی فائز عیسیٰ سٹیج سے نیچے اتر کر اپنی نشست پر جا بیٹھی، ججز نے اکھٹے آنے کی پہلے سے پروٹوکول کو اطلاع کر رکھی تھی ، حلف برداری تقریب میں ججز نے ایک دوسرے کو مبارکبا دیں۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو 5 اگست 2009 کو چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے براہ راست بلوچستان ہائی کورٹ کا چیف جسٹس تعینا ت کیا ،2012 میں میمو گیٹ کمیشن کی سربراہی کی اور امریکہ میں پاکستانی سفیر حسین حقانی کو قصوار ٹھہرایا۔جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 5 ستمبر 2014 کو بطور جج سپریم کورٹ حلف اٹھایا، 2015 میں اکیسویں آئینی ترمیم کے تحت فوجی عدالتوں کے اختیارات بڑھانے کے کیس میں اپنا اختلافی نوٹ تحریر کیا۔دسمبر 2017 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز کیس کھولنے کی نیب اپیل کو مسترد کیا اور 2017 میں فیض آباد دھرنا کیس کا فیصلہ دیا ۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے چار مختلف چیف جسٹس صاحبان ،جسٹس ثاقب نثار ،جسٹس آصف سعید کھوسہ ،جسٹس گلزار احمد اور جسٹس عمر عطاء بندیال کیساتھ اختلافات بھی زبان زد عام رہے ۔جسٹس فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ میں جونیئر ججز کی تعیناتی کی سخت مخالف کی ، 2016 میں کوئٹہ خودکش دھماکہ انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں دھماکے کو حکومت وقت کی غفلت قرار دیا ۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ رولز میں تبدیلی ہونے تک سپریم کورٹ میں آرٹیکل 184/3 کے تحت دائر مقدمات کی پر سماعت روکنے کا حکم دیا ، 2021 میں اس وقت کے وزیراعظم کیخلاف ترقیاتی فنڈز کیس میں جب چیف جسٹس گلزار احمد نے اپنے فیصلے میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو وزیراعظم کیخلاف مقدمات کی سماعت روک دیا تو اس پر 28 صفحات پر مشتمل اختلافی نوٹ لکھا۔
جسٹس قاضی فائز عیسی ٰ نے پی ٹی آئی دور حکومت میں ان کے خلاف دائر ہونے والے صدارتی ریفرنس کا کھلی عدالت میں دفاع کیا اور سرخرو ہوئے۔جسٹس فائز عیسیٰ ایک آئیڈیل جج کی شہرت رکھتے ہیں، انہوں نے صرف چیمبر اور کمرہ عدالت میں ہی نہیں ہر فورم پر انصاف کی فراہمی کا پرچار کیا۔
نتائج کی پروا کی نہ کبھی مصلحت کا شکارہوئے، انصا ف کی فراہمی اولین ترجیح رہی، 2007 میں فیض آباد دھرنا کیس کا دبنگ فیصلہ اس کی واضح مثال ہے۔واقفان حال کہتے ہیں ان کے خلاف صدارتی ریفرنس بھی اسی فیصلے کا شاخسانہ تھا، یہی وہ ریفرنس تھا جس میں قاضی صاحب خود اپنے وکیل بنے اور عدالت سے انصاف لے کر مرد بحران ثابت ہوئے، انکی اہلیہ سیرینا عیسیٰ بھی اس مقدمے میں ان کے شانہ بشانہ آزمائش سے گزریں اور ثابت قدم رہیں۔
قاضی فائز عیسی ٰ ایک روایت شکن شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں تو عاجزی بھی ان کے مزاج کا حصہ ہے، پروٹوکول کے شوقین ہیں نہ پیدل عدالت جانے میں عار محسوس کرتے ہیں ۔عوامی نمائندوں اور میڈیا کو اس ملک کا اہم ستون سمجھتے ہیں، اسی لیے انکے ساتھ براہ راست بیٹھنے میں بھی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کرتے۔
قاضی فائز عیسی ٰسٹیٹس کو کے سخت مخالف اور ہمیشہ نئی سوچ کیساتھ مثبت تبدیلی کے لیے کوشاں نظر آتے ہیں، توقع ہے کہ وہ بحیثیت چیف جسٹس پاکستان ملک کے نظام عدل کی نئی بنیادیں رکھ کر رخصت ہوں گے ۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا بطور چیف جسٹس پاکستان دور بہت کم ہوگا، وہ 25 اکتوبر 2024 کو عہدے سے ریٹائر ہو جائیں گے۔

