اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) خصوصی سرمایہ کاری کونسل نے معاشی ترقی کا روڈ میپ وضع کرلیا ہے۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے معینہ مدت میں عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں آرمی چیف ، وزرا ، وزرائے اعلیٰ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
تفصیل کے مطابق نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کے زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا پانچواں اجلاس ہوا ۔ جس میں مقامی و بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹوں کے سدباب کیلئے لائحہ عمل سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں معاشی و انتظامی چیلینجز سے نبرد آزما ہونے اور ملکی معیشت کی ترقی کیلئے روڈ میپ وضع کیا گیا۔ اور معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے قلیل ، وسط اور طویل مدتی منصوبہ بندی پر مشاورت کی گئی ۔
وزیراعظم نے عملی اقدامات کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ ان پر عملدرآمد طے شدہ مدت میں یقینی بنایا جائے ۔ نگران حکومت کی قلیل مدت کے باوجود ہمیں معاشی بحالی کے منصوبے پر عملدآمد یقینی بنانا ہے۔ جس سے آنے والی منتخب حکومت کو بھی معیشت کی بحالی کے پروگرام پر عملدرآمد میں آسانی ہوگی ۔

