اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری طبقےکوہرممکن ریلیف فراہم کریں گے۔ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر میں آپریشن شروع کردیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔
نگران وزیراعظم انوار ا لحق کاکڑ نے یہ بات ایوانِ صنعت وتجارت کے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہی۔ انہوں نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا اور کاروباری افراد کو ٹیکس نظام میں اصلاحات کی بھی یقین دہانی کرائی اس موقع پر نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ کاروباری برادری موجودہ معاشی حالات کے باوجود ملکی ترقی اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ حکومت کاروباری طبقے کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرے گی ۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام کو ڈیجٹیلائز کیا جا رہا ہے کیونکہ ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے بغیر معیشت میں بہتری ممکن نہیں ہے۔ اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ملک بھر بالخصوص سرحدی علاقوں میں آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اورگذشتہ اڑتالیس گھنٹوں کے دوران کریک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اوربجلی چوروں کے خلاف مؤثر کاروائی کی جائے گی۔ نگران وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر پوائنٹ آف سیلز کے دائرہ کار کووسیع کرنے کے حوالے سے رپورٹ جلدپیش کرے جبکہ پاکستانی سفارتخانوں میں تعینات کمرشل اتاشیوں کی کارکردگی کو بھی بہتربنایا جائے ۔

