کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سابق پارلیمانی سیکرٹری صحت، قانون و پارلیمانی امور سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی و چیئرپرسن ویمن پارلیمنٹری کاکس ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بلوچستان کے چونتیس اضلاع کے ہسپتالوں میں کراسسز سیل کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ سابق دور حکومت میں مجوزہ فرانزک لیب کی تعمیر کے منصوبے کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں گے۔منگل کو جاری اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں انسداد جنسی ہراسانی سیل کے قیام سے طبی امداد اور قانونی امور کی انجام دہی کا پیچیدہ عمل قدرے سہل ہوگا اور متاثرین کو حصول انصاف کے لئے درکار طبی قانونی دستاویزات مقامی سطح پر دستیاب ہوسکیں گی انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں خود مختیار فرانزک لیب کے قیام کے لئے بحیثیت پارلیمانی سیکرٹری صحت ایک جامع ورکنگ پیپر تشکیل دیا تھا جو عمل درآمد کے لئے تاحال التواء کا شکار ہے بعد ازاں پولیس ڈیپارٹمنٹ میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے سابق اعلیٰ پولیس افسر و قائد اعظم یونیورسٹی میں انسداد کرائم کے ماہر تعلیم سید کلیم امام نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فرانزک لیب کی تعمیر کے لئے اقدامات اٹھائے اس متعلق ضروری قانون سازی ہونا ضروری تھی تاہم یہ فائل ہمیں پارلیمانی معیاد کے آخری ایام میں موصول ہوئی اس دوران اسمبلی بزنس کا کوئی شیڈول نہیں تھا یہی صورتحال ویمن پروٹیکشن بل کے حوالے سے بھی رہی جو اسمبلی کے آخری ایام میں ہمارے پاس آیا لیکن اسمبلی بزنس شیڈول نہ ہونے کی وجہ سے یہ بھی آئندہ اسمبلی تک کے لیے التواء میں چلا گیا انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں انسانی حقوق اور تحفظ نسواں کے لئے کمیشن آن اسٹیٹس آف ویمن، عورت فاؤنڈیشن، فورم فار ڈیگنیٹی انیشیٹیوز پاکستان، شرکت گاہ، سمیت دیگر تنظیموں کا فعال کردار قابل ستائش ہے جنہوں نے بہت ہی محدود وسائل میں اہم خدمات سرانجام دی ہیں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان میں مفاد عامہ کے لئے کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیمیں ان شعبوں میں ہاتھ بٹاتی رہیں گی جہاں محدود وسائل یا مختلف وجوہات کی بناء پر حکومتی ادارے نہیں پہنچ پاتے۔
بلوچستان کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں انسداد جنسی ہراسانی سیل کا قیام غیر معمولی پیش رفت ہے، ڈاکٹر ربابہ بلیدی

ٹیگز:
ڈاکٹر ربابہ بلیدی
