کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) نوجوان قومی تنظیموں تحریکوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،ملک کے کسی بھی سیاسی تنظیم میں پشتونوں کی وحدت، پشتونوں کے وسائل جغرافیے اور ان کے قومی مسائل کے حل کی بات نہیں، محض جذباتی نعروں اور پر تشدد کہانیوں کے ذریعے نوجوان نسل کوگمراہ نہیں کیا جاسکتا، پشتونخوا ایس او پشتون قومی تحریک اور ملک کے جمہوری تحریکوں میں اہم کردار ادا کرتی رہی ہے، پشتونخوا ایس اونئے تجربوں کی متحمل نہیں ہوسکتی دنیا جہاں کے تجربوں سے استفادہ کرتے ہوئے قومی سیاسی جمہوری تنظیم کی مضبوط بنیادوں پر تعمیر اور پشتون قومی تحریک پشتونخواملی عوامی پارٹی کے حقیقی موقف،خان شہید کے سیاسی نظریاتی فلسفے اور خطے کی موجودہ نازک صورتحال میں پشتونخوامیپ کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کے بیانیہ پر عملدرآمد کرتے ہوئے پشتونخوا وطن کے تمام طلباء وطالبات کو اپنے تنظیم کا حصہ بنائیں۔ پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہاتھا کہ ایک ایسی پارٹی اور تنظیم بنائینگے کہ دوست اور دشمن دونوں حیران ہونگے آج پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کی زونل کمیٹی کا کامیاب اجلاس اس بات کی غماز ہے کہ تنظیم اور ادارے بن رہے ہیں، عوام پشتونخوامیپ اور تعلیم یافتہ نوجوانوں، طلباء کی پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن میں جو ق در جوق شمولیت اختیار کررہے ہیں۔پی ایس او کے نوجوانوں نے پشتونخوا وطن اور قومی تحریک کیلئے سروں کے نذرانے پیش کئے، قربانیوں کے نتیجے میں آج تنظیم زندہ وتابندہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، پشتونخوا ایس او جنوبی پشتونخوا زون کے آرگنائزر سیف اللہ کاکڑ، سینئر ڈپٹی آرگنائز یار محمد بریال، اطلاعات آرگنائزر اسفند یار تریالئی ودیگر نے پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کے صوبائی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سیف اللہ کاکڑ کی زیر صدارت منعقدہوا۔ جس میں جنوبی پشتونخوا کے مختلف اضلاع کوئٹہ، پشین، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ژوب، شیرانی، ہرنائی، لورالائی، زیارت اور موسیٰ خیل کے سیکرٹریز وسینئر معاونین سیکرٹریز اور آرگنائزرز وسینئر ڈپٹی آرگنائزرز نے شرکت کیں۔ اجلاس میں آرگنائزنگ باڈی کی مختلف اضلاع میں گزشتہ تنظیمی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی جس پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور تنظیم کو مزید مضبوط بحال وفعال بنانے کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیا۔جس کے مطابق تمام اضلاع میں ضلعی کانفرنسز کا شیڈول طے کیا گیا اور مختلف کمیٹیاں تشکیل دیں گئیں۔ اس موقع پر پارٹی رہنماؤں نے طالب علموں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بڑے احتیاط کے ساتھ سنجیدہ سیاست کا حصہ بننا ہوگا،سوشل میڈیا پر توہین آمیز رویوں، غیر سنجیدگی اور غیر اخلاقی رویوں کو مکمل نظر انداز کرکے اپنے تنظیم وپارٹی پیغام اور مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن کی حالت ایسی ہے کہ آج بھی پشتون ملک میں مختلف انتظامی یونٹوں میں منقسم ہے اور ایک سازش کے تحت انہیں سیاسی طور پر مزید تقسیم کرنے کے فارمولوں پر عمل جاری ہے، پشتونخوا ایس او کے نوجوانوں کی اخلاقیات اور کردار معاشرے کے تمام افراد میں نمایاں ہونی چاہیے کیونکہ باکردار لوگوں کے ساتھ عوام ان کی صفوں میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پشتونخوا وطن کے تمام تعلیمی مسائل کے حل کیلئے پشتونخوا ایس او آواز اٹھائیگی اور موجودہ تعلیمی بحران سے طالب علموں کو نکالنے کیلئے منظم جدوجہد کرے اور دیگر طلباء تنظیموں کے ساتھ مل کر جمہوری جدوجہد کا راستہ ہموارکریگی۔
نوجوان قومی تنظیموں تحریکوں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارتوال
