کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان غریبوں کی پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹرقاسم بلوچ نے کہا ہے کہ عوام قومیت اور مذہب کے نام پر ووٹ لیکر عوام کو دھوکہ دینے والوں کا احتساب کریں اور آنے والے عام انتخابات میں ایسے نمائندوں کا انتخاب کریں جو پارلیمنٹ جاکر اپنے بینک بیلنس میں اضافے کی بجائے صحیح معنوں میں خدمت کرسکیں،عوام نے آگر پاکستان غریبوں کی پارٹی کو خدمت کا موقع پردیا تو ہم عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو ائیر پورٹ روڈ پر نوراحمد، علی خان، نجیب اللہ، محب ترین، نورالدین کی اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان غریبوں کی پارٹی میں شمولیت کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹرقاسم بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو 75سالوں سے قومیت اور مذہب کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے صوبے کی ترقی اور عوام کیلئے کوئی کام نہیں کیا صوبے کے عوام آج اکیسویں صدی میں بھی صحت،تعلیم،پینے کے صاف پانی سمیت دیگر بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔انہوں نے کہاکہ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیئلے آنے والے اربوں روپے کے فنڈز عوام پر خرچ ہونے کی بجائے چند افرادکی جیبوں میں چلے گئے۔انہوں نے کہاکہ عوام آنے والے عام انتخابات میں ووٹ کی پرچی کے ذریعے ایسے افراد کو مستردکریں جنہوں نے عوام کی خدمت کی بجائے اپنے ذاتی مفادات کو ترجیح دی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان غریبوں کی پارٹی صحیح معنوں میں عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے پارٹی آنے والے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اگر عوام نے پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب بنایاتو ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ انہیں مایوس نہیں کریں گے۔ ڈاکٹرقاسم بلوچ نے نئے شامل ہونے والے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انکی شمولیت سے پارٹی مزید فعال اور منظم ہوگی۔
عوام قومیت اور مذہب کے نام پر ووٹ لیکر عوام کو دھوکہ دینے والوں کا احتساب کریں، ڈاکٹرقاسم بلوچ

ٹیگز:
ڈاکٹرقاسم بلوچ
