کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد حکومت اور محکمہ خوراک سمیت معاشرے کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے،بزنس کمیونٹی ایسی اشیاء خورد ونوش کی درآمد ہی نہ کریں جو انسانی جانوں کے لئے مضر ہے،ملک اور صوبے میں بدامنی اور رنجشوں کاخاتمہ باچا خان کے فلسفہ عدم تشدد پر عمل پیرا ہونے میں ہیں،ملاوٹ اور غیر صحت مند خوراک کا بڑھتا رجحان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے مقابلے میں پاکستانیوں کی اوسط عمر میں کمی کی بڑی وجہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی اور ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے اشتراک سے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ میں (صحت مند غذا صحت مند زندگی کیلئے) کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سیمینار سے صوبائی سیکرٹری خوراک مجیب الرحمٰن،ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم بازئی،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،ڈاکٹر رضوان،قوی خان اچکزئی، کیو سی سی آئی کے سنیئر نا ئب صدر حاجی آغا گل خلجی، نا ئب صدر سید عبدالاحد آغا ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی اشیاء خورد ونوش میں ملاوٹ اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کی کبھی حق میں نہیں رہی بلکہ اس سلسلے میں ہم حکومت اور محکمہ خوراک کا ہر ممکن ساتھ دینے کو تیار ہے انسانی جانوں سے بڑھ کر کوئی نہیں ہم اپنی آنے والی نسلوں کے لئے معیاری غذا اور صاف پانی کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔انجینئر زمرک خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ ملک اور صوبے میں ملاوٹ،فاسٹ فوڈ اور انرجی ڈرنکس کا بڑھتا رجحان شرح اموات اور لو گوں کی اوسط عمر میں کمی کا باعث ہے چین میں لوگ مرغن غذاؤں،کولڈ ڈرنکس کے استعمال سے گریز کے باعث لمبی زندگی جی رہے ہیں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اس دور میں صحت کا خیال نہ رکھنا اور ایسی غذاؤں کا استعمال کرنا درست نہیں جو صحت کے لیے نقصان دہ ہے،انہوں نے کہا کہ ہم کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کی جانی والی کارروائیاں حوصلہ افزا ہیں اس سلسلے میں کسی قسم کے دباؤ کو قبول نہیں کیا جارہا،انہوں نے کہا کہ صحت مند غذا کا استعمال ہر فرد کی انفرادی ذمہ داری ہے اس سلسلے میں خود سے زیادہ حکومت کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں کوڈ۔19 کی عالمی وباء سے زیادہ اموات قابل علاج امراض قلب،شوگر،بلڈ پریشر و دیگر سے ہو رہی ہیں انہوں نے صوبے کی بزنس کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ حفظان صحت کے اصولوں سے متعلق پالیسیوں پر عمل درآمد کے سلسلے میں ہمارا ساتھ دیں بلکہ وہ ایسی اشیاء خورد و نوش کی درآمد ہی نہ کریں جو انسانی جانوں کے لئے مضر ہو،انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے صوبے میں بدامنی کے واقعات ہو رہے ہیں اور لوگ ایک دوسرے سے دست و گریبان ہیں میرے حلقہ انتخاب میں گزشتہ چند دنوں میں افسوسناک واقعات رونما ہوئے ہیں جن میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع بھی ہوا ہے قبائلی مشران،سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنما،علماء کرام اور بزنس کمیونٹی کو اس بابت آگے آنا ہوگا کیونکہ ہم نے خود کردار ادا نہ کیا تو حالات میں بہتری ممکن نہ ہو گی انہوں نے کہا کہ بدامنی کے خاتمہ کیلئے ضروری ہے کہ باچا خان کے فلسفہ عدم تشدد پر عمل درآمد کیا جائے اسی کے ذریعے ہی ہم ملک اور صوبے میں امن،پیار و محبت کی فضاء کو پروان چڑھا سکتے ہیں۔آخر میں چیمبر کی جانب سے صوبائی وزیر و دیگر کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کئے گئے
حفظان صحت کے اصولوں پر عمل درآمد حکومت اور محکمہ خوراک سمیت معاشرے کے ہرفرد کی ذمہ داری ہے، زمرک خان اچکزئی

ٹیگز:
زمرک خان اچکزئی
