اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ پر ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے قومی اسمبلی اس کی 12 اگست کو پوری ہونے والی مدت سے چار روز قبل یعنی 8 اگست کو تحلیل کیے جانے کے فیصلے سے متعلق میڈیا رپورٹس پر ردعمل میں کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور اتحادی جماعتوں کی مشاورت سے قومی اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کا فیصلہ ہوگا۔
اس سے قبل میڈیا میں اتحادی حکومت کے رہنماؤں کے عام انتخابات کے حوالے سے متضاد رپورٹس آئی تھیں، پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر تجارت نوید قمر نے حال ہی میں کہا تھا کہ قومی اسمبلی 8 اگست تک تحلیل ہونی چاہیے تاکہ الیکشن کمیشن کو نومبر میں انتخابات کے لیے مناسب وقت ملے گا۔
خیال رہے کہ قانون کے مطابق عام انتخابات اگر منتخب حکومت اپنی مدت پوری کرتی ہے تو اس کے 60 دن کے اندر ہونے چاہئیں اور اگر اسمبلی قبل از وقت تحلیل کردی جاتی ہے تو پھر اسمبلی کی تحلیل کے 90 روز کے اندر انتخابات ہونے چاہئیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے دو روز قبل کہا تھا کہ وہ اگلے ماہ اسمبلی کی مدت کی تکمیل سے قبل اقتدار نگران حکومت کے حوالے کریں گے۔

