کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان شجاع الدین کاسی نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر جیلوں کی بیرونی سیکورٹی کیلئے ایف سی اور لیویز کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں،قلعہ سیف اللہ،لورالائی اور گوادر میں نئی جیلوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔آئی جی جیل خانہ جات بلوچستان شجاع الدین کاسی نے بتا یا کہ کوئٹہ،مچ،خضدار جیلوں کی بیرونی سیکورٹی کیلئے ماضی میں ایف سی اور لیویز تعینات تھی پھر وہ ہٹادی گئی تھی،اب محکمہ داخلہ نے فیصلہ کیا ہے کہ صوبے کی اہم جیلوں کی بیرونی سیکورٹی کیلئے ایف سی اورلیویز تعینات کی جائے گی،، انہوں نے کہا کہ صوبے کی جیلوں میں قید خطرناک قیدیوں کو علیحدہ بارکوں میں رکھا گیا ہے جبکہ نئی بھرتیوں کے بعد جیلوں کی اندرونی سیکورٹی کو بھی مضبوط بنایا جارہا ہے۔آئی جی جیل بلوچستان نے بتایا کہ صوبے کی زیادہ جیلوں میں قیدیوں کی تعداد گنجائش کے مطابق ہے،کوئٹہ،مچ اور گڈانی میں گنجائش سے تھوڑے زیادہ قیدی ہیں،قلعہ سیف اللہ،لورالائی اور گوادر میں نئی جیلوں کی تعمیر کے بعد ان جیلوں میں تعداد معمول کے مطابق ہوجائے گی،قلات میں بھی جیل کی تعمیر کا منصوبہ زیر غور ہے،آئی جی جیل نے بتایا کہ کوئٹہ میں سنٹرل جیل کی تعمیر کی فیزیبلٹی رپورٹ تیار کی جارہی ہے۔
جیلوں کی بیرونی سیکورٹی کیلئے ایف سی اور لیویز کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں، شجاع الدین کاسی

ٹیگز:
شجاع الدین
