حب (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری کی پارٹی کے سینئر رہنما میر عبدالرؤف سے ملاقات،ضلع کونسل کیچ میں چیئرمین و وائس چیئرمین کی شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں میں باہمی امور،پارٹی کو مزید فعال بنانے اور آئندہ الیکشن کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میر علی حسن زہری نے میر عبدالرؤف رند کو کیچ میں چیئرمین و وائس چیئرمین کی کامیابی پر دلی مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ کامیابی پارٹی رہنماؤں کی ولولہ انگیز قیادت اور ورکروں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔میر عبدالرؤف رند نے میر علی حسن زہری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کامیابی پر گھر آ کر مبارکباد دی۔ ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتی امور کے رہنما پیسو مل، جانی چند اور دیگر بھی موجود تھے۔ دریں اثناء میر علی حسن زہری نے ساکران کی سیاسی، سماجی و سیاسی شخصیات نے ملاقات کی جن میں ایوب میراجی، مبارک میراجی، ظفر دشتی، میر جان زہری، امین کھیازئی، صالح محمد سرپرہ، منظور چنال، وریان چنال، جمیل ہاریجو، منان لہڑی اور دیگر سرکردہ شخصیات نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میر علی حسن زہری کی قیادت پر ہمیں بھرپور اعتماد ہے اور ہم پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں اور میر علی حسن زہری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ اس موقع پر عمائدین نے کہا کہ میر علی حسن زہری مخلص اور بے لوث شخصیت کے مالک ہیں جنہوں نے ہمیشہ حب شہر اور گردونواح کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کی ہے اور نادار اور مظلوموں کا ہمیشہ ساتھ دیا جس کے لئے حب و ساکران کے عوام ان کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں اور امید کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی میر علی حسن زہری اسی طرح علاقے کے عوام کی فلاح و بہبود و ترقی کے لئے اپنی بھرپور توانائی استعمال کریں گے اور علاقے میں ترقی و خوشحالی کے منصوبوں کا جال بچھا دیں گے۔ میر علی حسن زہری نے ساکران کے وفد کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریب عوام کی پارٹی ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگ جوق در جوق پی پی پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے نے پہلے بھی حب و لسبیلہ کے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا اور ہر مشکل وقت میں اپنی بساط کے مطابق مدد کرنے کی کوشش کی اور آئندہ بھی اپنے عوام کے لئے عوامی فلاح و بہبود اور پائیدار ترقی و خوشحالی اور بیروزگاری کے خاتمے کے لئے اپنے تمام تر توانائیاں استعمال کریں گے اور ہر فورم پر اپنے عوام کے حق کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔
کیچ میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کی کامیابی تاریخی ہے، میر علی حسن زہری

ٹیگز:
میر علی حسن زہری
