حب (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان کے سرحدی شہر حب میں ایک گرینڈ شمولیتی تقریب میں شاہوانی، مینگل، محمد حسنی، پلال، جتک، جتوئی، خارانی قبائل کے سرکردہ رہنماؤں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر میر علی حسن زہری کی زیر قیادت پی پی پی میں شمولیت اختیار کر لی۔بھوتانی گروپ کے رہنما و قبائلی شخصیت میر قدوس شاہوانی سابق جنرل کونسلر غفور خارانی نے بھی اپنے سیکڑوں ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر میر علی حسن زہری اور دیگر نے شمولیتی تقریب سے خطاب کیا۔ میرعلی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام دوست پارٹی ہے اور عوامی کی خدمت پیپلز پارٹی کا نصب العین ہے۔ ہم بی بی شہید کے جیالے ہیں اور ہمارے رہنما آصف علی زرداری ہیں۔یہی وجہ ہے کہ شعور رکھنے والے افراد پاکستان پیپلز پارٹی میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھوتانی برادران کہنا ہے کہ ہم باہر سے آئے ہیں جبکہ اصل حقیقت یہ ہے کہ بھوتانی برادرز سندھ سے تعلق رکھتے ہیں۔ باہر سے تو وہ آئے ہیں ہم تو یہیں کے باسی ہیں۔میر علی حسن زہری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ووٹ کا حق ہر انسان کا ذاتی حق ہے وہ چاہے پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں یا نہ دیں ہم اپنے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ میرا وعدہ ہے کہ ایک ایک گلی میں آؤں گا اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے حتی الوسع کوشش کریں گے اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ 21 جون بی بی بینظیر شہید کی سالگرہ ہے اور ہمیں چاہئے کہ بی بی شہید کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک و عوام کی فلاح و بہبود کے لئے دن رات محنت کریں تاکہ ہمارے عوام خوشحال ہو سکیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے میر علی حسن زہری کی کاوشوں کی تعریف جن کی بدولت پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کی مقبول ترین پارٹی بن چکی ہے اور ضلع حب و لسبیلہ پی پی پی کے مضبوط قلعے بن چکے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ میر علی حسن زہری کی علاقے کے لئے خدمات قابل تحسین ہیں جنہوں نے علاقے کی فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات محنت کی اور حب و لسبیلہ کے لئے عوامی مفادات کے بہت سے منصوبے منظور کرائے جن پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔اس سے پہلے میر علی حسن زہری اور اقلیتی رہنما پارس کمار کی ہندو پنچایت آمد کے موقع پر شاندار استقبال کیا گیا اور پھول اور روایتی اجرک پیش کی گئی۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کے صدر میر علی حسن زہری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقلیتیوں کو اقلیت نہیں بلکہ برابرکا شہری تصور کرتی ہے۔آنے والی حکومت پی پی پی کی ہو گی اور ہمارے وزیراعظم بلاول بھٹو زرداری ہوں گے۔ خطاب میں میر علی حسن زہری نے حب کی اقلیتی برادری کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہائی کرائی اور اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کے لئے سولر سسٹم کا اعلان کیااور مندر میں جاری ترقیاتی کام کے لئے پانچ لاکھ روپے نقد کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر ہندو برادری کے رہنماؤں نے آئندہ الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی اور میر علی حسن زہری کا بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا اور کہا کہ میر علی حسن زہری حب کے عوام کے لئے یکساں درد دل رکھنے والی شخصیت ہیں اور ہم ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور علاقے کے لئے کاوشوں کو ستائش کی نظر سے دیکھتے ہیں اور مستقبل میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔
عوام کی خدمت پیپلز پارٹی کا نصب العین ہے، میر علی حسن زہری

ٹیگز:
میر علی حسن زہری
