کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) انٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے کمانڈر بریگیڈیئر عدنان دانش نے کہا ہے کہ منشیات کی تیاری،استعمال اور اسمگلنگ والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،محدود وسائل اور افرادی قوت کے باوجود ہمسائیہ ممالک کے ساتھ سرحدوں اور اندرون صوبہ منشیات کی نقل و حمل روکنے کیلئے ہر ہمہ وقت مصروف عمل ہیں،2022میں 193 کارروائیوں میں 65ٹن منشیات کو قبضے میں لیکر درجنوں ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا سال رواں میں اب تک مختلف کارروائیوں میں 61ٹن منشیات قبضے میں لیکر 121ملزمان کو گرفتار کر چکے ہیں،اب تک کل 2302 آپریشنز میں 2ہزار ایک سو 77ٹن منشیات برآمد کرلی گئی ہیں مذکورہ کارروائیوں میں ہمارے 12جوان جام شہادت نوش کر چکے ہیں جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے ساتھ منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔اس سے قبل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی، نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے انٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے کمانڈر بریگیڈیئر عدنان دانش کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ منشیات جیسے ناسور کے خاتمہ اور اس سے نوجوان نسل کو محفوظ رکھنے کے لیے چیمبر کے عہدیداران و ممبران انٹی نارکوٹکس فورس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتے رہیں گے انہوں نے کیمیکل کی درآمد،سٹوریج اور نقل و حمل کے حوالے سے چیمبر کے عہدیداران و ممبران کو آگاہ کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ اس سلسلے میں قانونی پیچیدگیوں کو جان کر درآمد کنندگان احسن طریقے سے کاروبار کرکے ملکی ترقی اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں،انہوں نے منشیات کے تدارک کے سلسلے میں انٹی نارکوٹکس فورس کی خدمات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اس طرح تندہی کے ساتھ فورس کے آفیسران اور اہلکاران اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔اس موقع پر انٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے کمانڈر بریگیڈیئر عدنان دانش نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی میں اہم کردار ہے انہوں نے چیمبر کے عہدیداران و ممبران کو منشیات کے استعمال اس کے مضر اثرات،لوگوں کے اس جانب راغب ہونے منشیات کے عادی افراد کے علاج،منشیات کے متعلق قوانین اور آرگنائزیشن کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ انٹی نارکوٹکس فورس نے منشیات کے تدارک کے سلسلے میں کل2ہزار 3سو2 آپریشنز کئے ہیں جن میں 2ہزار ایک سو 77ٹن منشیات کو قبضے میں لیکر بڑی تعداد میں ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف قائم مقدمات کے چالان عدالتوں میں پیش کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ مذکورہ کارروائیوں کے دوران انٹی نارکوٹکس فورس کے 12جوانوں نے جام شہادت نوش کیا اور متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 44فیصد سے زائد رقبے پر پھیلے ہوئے صوبہ بلوچستان کا 38فیصد بارڈر افغانستان اور ایران سے متصل ہے پاک افغان اور پاک ایران وسیع سرحدات کی نگرانی بہت ہی مشکل کام ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہمارے پاس کل افرادی قوت 525اہلکاران پر مشتمل ہیں ہم محدود وسائل میں رہتے ہوئے تندہی کے ساتھ منشیات کی نقل و حمل کو روکنے کے لیے ہر وقت اپنے فرائض کی انجام دہی میں مصروف عمل ہیں،انہوں نے کہا کہ انٹی نارکوٹکس فورس نے 81 ایکڑ اراضی پر کاشت کی گئی پوست کی فصل کو تلف کر دیا ہے اس سے قبل سال 2020ء میں دکی میں 83 ایکڑ،ضلع قلعہ عبداللہ میں 69ایکڑاراضی پر کاشت کی گئی پوست کی کاشت کو تلف کردیا گیا تھا آئندہ بھی پوست کی کاشت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،انہوں نے کہا سال 2022میں انٹی نارکوٹکس فورس نے 193کارروائیاں کیں جس میں 65ٹن منشیات کو قبضے میں لیا گیا جبکہ سال رواں کے دوران اب تک مختلف کارروائیوں میں 61 ٹن منشیات کو قبضے میں لے کر 121ملزمان کو حراست میں لے لیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ سال 2023ء کے دوران 32ٹن منشیات کو نذرِ آتش کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے کسی بھی علاقے میں منشیات کی کاشت،تیاری،اسگلنگ سے متعلق شکایات کیلئے ہمارے ٹول فری نمبر 1415پر اطلاع دی جا سکتی ہے اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔آخر میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی نے انٹی نارکوٹکس فورس بلوچستان کے کمانڈر بریگیڈیئر عدنان دانش کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔
منشیات کی تیاری،استعمال اور اسمگلنگ والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، بریگیڈیئر عدنان دانش

ٹیگز:
بریگیڈیئر عدنان دانش
