کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں 75سال سے عوام پر حکمرانی کرنے والے سیاستدان اپنے گریبانوں میں جھانگیں کہ انہوں نے عوام کی کیا خدمت کی ہے عوام اب باشعورہوچکے ہیں ارکان پارلیمنٹ کو صوبے کی ترقی کیلئے آنے والے فنڈز کا حساب دیناہوگا کہ وہ رقم کہاں خرچ ہوئی ہے،بلوچستان امن جرگہ صوبے کے عوام کے حقوق کیلئے میدا ن میں نکلا ہے صوبے کے ساحل و وسائل پر سب سے پہلا حق یہاں کے مقامی افراد کا ہے جو حکمرانوں کو دینا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان امن جرگے کے مرکز ی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی لالا یوسف خلجی نے کہا کہ آج اکیسویں صدی میں بھی بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ کے عوامی صحت،تعلیم پینے کے صاف پانی سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہے کوئٹہ کی آباد میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے لیکن یہاں عوام کی تفریح کیلئے کوئی پارک نہیں ہے جہاں لوگ فیملی کے ساتھ جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے نے صوبے میں قبائلی دشمنوں کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے بھی جدوجہد شروع کی ہے عوام کو اپنے حقوق کیلئے باہر نکلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی کیلئے آنے والے اربوں روپے کے فنڈ ز خوردبرد اور کرپشن کی نذر ہوجاتے ہیں جبکہ صوبہ کھنڈرات کامنظرپیش کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 75سال سے حکومت کرنے والے یہاں کے ہی لوگ ہیں وہ عوام کو بتائیں کہ انہوں نے اربوں روپے کے فنڈز کہاں خرچ کئے ہیں اب انہیں عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے آنے والے فنڈز کی ایک ایک پائی کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگے کی کوشش ہے کہ صوبے کے عوام میں شعور بیدار کیا جائے کہ وہ اپنے حقوق کیلئے میدان میں نکلیں اور ارکان پارلیمنٹ کے گھروں کے سامنے دھرنا دیں اوران سے یہ پوچھیں کہ انہوں نے اپنے بینک بیلنس میں اضافے کے علاوہ کونسا ترقیاتی کام کیا ہے۔ لالا یوسف خلجی نے کہاکہ بلوچستان امن جرگہ صرف اور صرف عوام کے حقوق کیلئے جدوجہدکر رہا ہے ہمارے کوئی ذاتی مفادات نہیں ہیں اللہ تعالیٰ ہمیں دیکھ رہا ہے ہم احتجاج کی آر میں ذاتی مفادات حاصل کرنے والوں پر لعنت بھیجتے ہیں اور کسی کو بھی اپنے ذاتی مفادات حاصل کرنے کیلئے بلوچستان امن جرگے کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گی۔
75سال سے حکمرانی کرنے والے سیاستدان اپنے گریبانوں میں جھانگیں کہ انہوں نے عوام کی کیا خدمت کی،لالا یوسف خلجی

ٹیگز:
لالا یوسف خلجی
