لاہور (ڈیلی گرین گوادر) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیری نوجوان سرپر کفن باندھ کر آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں،کشمیری قوم نے آزاد ہوکر رہنا ہے.تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے،بھارت نے کشمیریوں کی جدوجہد کو سبوتاژ کرنے کے لیے یاسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں بدلنے کی کوششیں شروع کردی ہے،بھارت کو کیا لگتا ہے کہ اگر یاسین ملک کو پھانسی چڑھا دیاگیا تو کشمیری ہار جائیں گے؟،کشمیری قوم نے ہر حال میں آزاد ہونا ہے.
واضح رہے کہ دہلی ہائی کورٹ میں یاسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کیے جانے کی اپیل دائر کی جاچکی ہے جس پر سماعت جاری ہے ،ماضی میں بھی یاسین ملک کو سزائے موت دئیے جانے کی اپیلیں دائر ہوچکی ہیں جسے عدالت نے مسترد کردیا تھا۔بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے کشمیری رہنما یاسین ملک کی عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کرانے کے لیے دہلی ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔
مقامی اخبار کے مطابق این آئی اے نے ٹرائل کورٹ میں یاسین ملک کے لیے سزائے موت کی درخواست کی تھی لیکن ٹرائل کورٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔٫دہلی ہائی کورٹ کا جسٹس سدھارتھ مریدول اور جسٹس تلونت سنگھ پر مشتمل دو رکنی بینچ پیر کو این آئی اے کی جانب سے درائر کردہ درخواست پر سماعت کرے گا۔
گذشتہ برس 25 مئی کو بھارتی عدالت نے یاسین ملک کو دہشت گردمالی معاونت کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے عمر قید کی سزا سنائی تھی،انہیں دہشت گردی کی مالی معاونت کے علاوہ دہشت گرد کارروائیاں کرنے، دہشت گرد تنظیم کا حصہ بننے اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کے تحت مجرم قرار دیا گیا تھا۔
یاسین ملک نے کیس کے ٹرائلز کے دوران الزامات پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ وہ آزادی کے لیے لڑ رہے ہیں۔یاسین ملک کو دو مرتبہ عمر قید کی سزاجبکہ دیگر 10 جرائم میں 10 سال قید بامشقت اور 10 لاکھ جرمانے کی سزا سنائی گئی اور فوری طور پر ان سزاؤں کے اطلاق کا حکم دیا گیا۔اپریل 2019 میں یاسین ملک کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے 2 برس پرانے ’دہشت گردی اور علیحدگی پسندی کے لیے فنڈنگ‘ کے ایک کیس میں گرفتار کر لیا تھا۔ وہ اس سے پہلے مارچ سے پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت قید تھے۔
یاسین ملک پر ایک الزام یہ بھی عائد کیا گیا کہ انہوں نے 1989 میں انڈیا کے زِیرانتظام کشمیر کے سابق وزیراعلٰی مفتی محمد سعید کی بیٹی ربیعہ سعید کو اغوا کرنے کی منصوبہ بندی کی تھی۔یاسین ملک پر 1990 میں چار انڈین ایئرفورس کے افسران کو قتل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا جس میں ان کے ساتھ سات دیگر افراد کو بھی نامزد کیا گیا۔ 1995 میں اس کیس میں جموں و کشمیر ہائی کورٹ نے سٹے آرڈر جاری کیا تھا جسے اپریل 2019 میں اسی عدالت نے ختم کر دیا تھا۔

