اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 28 مئی کو بین الاقوامی دباؤ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے وطن کی قیادت نے اپوزیشن اور قوم کی تائید و حمایت سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا، اسی اتحاد ، عزم، توجہ اور تسلسل کا مظاہرہ کر کے اب ہمیں پاکستان کو معاشی قوت بنانا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دشمنوں کی ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ افواج اور عوام کو ٹکرا دے، قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل جوہری قوت ہے۔آج کی دنیا میں ہدف معیشت ہے۔ معاشی کمزوری دور کرنا آج کا ایٹمی پروگرام ہے، وزیراعظم محمد شہبازشریف نے یہ بات یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 25 سال قبل آج ہی کے دن اہل پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں 5 جوہری دھماکے کرکے اپنے دفاع کے ناقابل تسخیر ہونے کا اعلان کیا تھا۔
یہ دن ہمارے اس ازلی و ابدی عزم کا اظہار تھا کہ ہم آزاد ہیں اور آزاد ہی رہیں گے، کوئی ہماری آزادی چھین نہیں سکتا۔ ہماری آزادی، خود مختاری، قومی وقار اور دفاع ہمیں ہر چیز سے پیارا ہے۔آج میں اس وقت کے وزیراعظم اور میرے قائد محمد نواز شریف کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے صرف اللہ تعالی کی طاقت پر بھروسہ کرتے ہوئے کسی سوپر پاور کی دھمکیوں کی پرواہ کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کی لالچ ہی انہیں ان کے آہنی عزم و ارادے سے ہٹا سکی۔
دوسری جانب لاہورمیں مسلم لیگ ن آج ملک بھر میں یوم تکبیر 28 مئی کا دن منائے گی، مسلم لیگ ن کی مرکزی تقریب لاہور لبرٹی چوک میں ہوگی یوم تکبر تقریب سے چیف آرگنائزر مریم نواز شام چھ بجے خطاب کرے گی۔مریم نواز نے سوشل میڈیا کے ذریعے آج کی تقریب میں مسلم لیگ کے کارکنوں اور شہریوں کو شرکت کی دعوت دی، مسلم لیگ ن کی مرکزی تقریب یوم تکبیر سے دیگر لیگی رہنماء بھی خطاب کریں گے۔

