واشنگٹن (ڈیلی گرین گوادر) امریکی حکام نے وائٹ ہاؤس کے قریب ٹرک سے امریکی صدر کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دینے والے بھارتی نژاد نوجوان کو گرفتار کرلیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں سیکیورٹی فورسز نے میزوری سے تعلق رکھنے والے ایک بھارتی نوجوان کو گرفتار کیا ہے، پولیس کے مطابق بھارتی نوجوان نے تقریباً 10 بجے وائٹ ہاؤس سے متصل لافائیٹ اسکوائر کے شمال میں نصب حفاظتی بیریئر سے اپنا ٹرک ٹکرایا تھا،البتہ اس واقعے میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ صدر بائیڈن کو منگل کی صبح سیکرٹ سروس اور پارک پولیس نے ٹرک حادثے کے بارے میں بریفنگ دی تھی سیکرٹ سروس کی جانب سے دئیے گئے بیان کے مطابق گرفتار کئے گئے نوجوان کی شناخت 19 سالہ سائی ورشت کنڈولا کے نام سے کی گئی ہے، جس کا تعلق میزوری سے ہے اور وہ بھارتی نژاد ہے۔
عینی شاہدین نےمقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ گاڑی ٹکرانے کے بعد ورشت کنڈولا ایک نازی پرچم کے ساتھ ٹرک سے باہر نکلا، پارک پولیس اور سیکرٹ سروس کے افسران کے قریب پہنچنے کے بعد وہ ان پر چیخنے لگا۔جب تفتیش کاروں نے پوچھ گچھ کی تو کنڈولا نے کہا کہ وہ حکومت پر قبضہ کرنے کیلئے آیا ہے صدر جو بائیڈن کو قتل کرنا چاہتا تھا۔نوجوان کو مقامی پولیس نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔

