کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوالائرز فورم ضلع کوئٹہ کا اجلاس پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی، مرکزی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی اطلاعات سیکرٹری نصیر ننگیال، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز حضرت عمر اچکزئی، حاجی عبدالرحیم راحت زئی، نظام عسکر، حبیب الرحمن بازئی ودیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں لائرز فورم کے سیکرٹری ایڈووکیٹ حبیب اللہ ناصر نے کارکردگی رپورٹ پیش۔ بعد ازاں پشتونخوا لائر فورم کے انتخابات مکمل ہوئے جس کے مطابق جہانگیر خان مندوخیل ایڈووکیٹ سیکرٹری جبکہ جبار خان بادیزئی ایڈووکیٹ سینئر معاون سیکرٹری اورتور زن افغان ایڈووکیٹ، طاہر خان ایڈووکیٹ، عصمت اللہ ترین ایڈووکیٹ،وحید افغان ایڈووکیٹ، نعیم خلجی ایڈووکیٹ،دریاء خان ایڈووکیٹ، عالمگیر اچکزئی ایڈووکیٹ معاونین منتخب ہوئے۔ منتخب ایگزیکٹوز سے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے حلف لیا۔ مقررین نے پشتونخوا لائرز فورم کی نئی کابینہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ لائرز فورم کو دوبارہ منظم کرتے ہوئے نئی تنظیم سازی کرکے ساتھیوں نے مثال قائم کی ہے، آج کا یہ جمہوری کانفرنس آپ تمام ساتھیوں کے افتخار کا باعث ہے۔ پارٹی نے ہر وقت عدلیہ کی آزادی کیلئے آواز بلند کی ہے۔ پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی مسلسل کہتے چلے آرہے ہیں کہ PCOکے تحت حلف نہ لینے والے ججز کو ہیرو اعلان کرکے انہیں مراعات اور تنخواہیں دی جائیں کیونکہ انہوں نے اپنی آئینی ذمہ داری اور احترام کا فریضہ ادا کیا ہے اورکسی بھی آمر کے دباؤ میں آنے اور غیر جمہوری، غیر آئینی، غیر قانونی اقدامات کو ماننے سے انکار کیا تھا، اور جن ججز نے پی سی او کے تحت حلف لیا ان کے حلف کو زیر غور لایا جائے۔ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے وژن اور جدوجہد کے نتیجے میں سیاست کی جو بنیادیں رکھی گئی تھیں وہ آج ملک کے سیاسی جمہوری جماعتوں، جمہوری قوتوں اور جمہوری عوام کا بیانیہ بن چکا ہے، اس بیانیہ کیلئے خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے اپنی زندگی کا نصف حصہ فرنگی اور ملک کے آمرانہ قوتوں کے جیلوں میں گزارا۔ لیکن کبھی بھی اپنی اصولی موقف سے دستبردار نہیں ہوئے اور بلا آخر انہیں شہید کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بنیاد سے لیکر آج تک تمام آمرانہ قوتوں کے خلاف پارٹی نے اپنی جمہوری جدوجہد جاری رکھی اورجمہوریت اور آمریت نواز قوتوں کی کشمکش میں آمریت نواز ججوں کا کردار کو نفرت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔پشتونخواملی عوامی پارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے جتنے بھی آمرانہ قوتوں کی جانب سے سیاسی اتحادیں بنی پشتونخوامیپ کسی ایک کا بھی حصہ نہیں رہی۔ جبکہ ملک میں جمہوریت کی بحالی، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختیاری،عدلیہ ومیڈیا کی آزادی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی فیڈریشن کے قیام کیلئے جتنی بھی سیاسی جمہوری اتحادیں بنی پشتونخواملی عوامی پارٹی نے ہر جمہوری اتحادمیں صف اول کا کردار ادا کیا اور اس جدوجہد میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے قومی اسمبلی، سینٹ اور ملک کے ہر ذمہ دار فورم پر ملک کو آئین کے تحت چلانے کیلئے آواز اٹھائی ہے، پشتونخوامیپ کے تمام کارکنوں کو اعزاز حاصل ہے کہ پشتونخوا وطن میں پشتونوں کی جو قومی تشخص، قومی حیثیت اور قومی نا برابری کا مسئلہ درپیش رہا تو اس میں پشتونخوامیپ نے پہلے دن سے لیکر آج تک تاریخ ساز جدوجہد کی۔ آج چند عناصر پارٹی کے اصولی موقف اور تاریخی بیانیہ کے خلاف جھوٹ پر مبنی پروپیگنڈے کا سہارا لے رہے ہیں۔ لیکن تمام عوام جانتی ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ہی پشتون قوم اور پشتونخوا وطن میں رہنے والے تمام انسانوں کے بنیادی حقوق کی ضامن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پشتون انتہائی کسمپرسی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں جب تک صوبے میں پشتون بلوچ برابری اور ملک میں قوموں کی برابری کو تسلیم نہیں کیا جائیگا اس وقت تک ملک بحرانوں کا شکار ہوتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کا موقف اس وقت مان لیا جاتا جس وقت ون یونٹ میں صوبے شامل کیئے جارہے تھے تو برٹش بلوچستان پشتونوں کی تاریخی سرزمین پر مشتمل تھی اور اسی طرح بلوچ سٹیٹ یونین کی حیثیت سے ون یونٹ مغربی پاکستان کا حصہ بنا تھا۔ خان شہید کا اُس وقت بھی یہی موقف تھا کہ پشتونوں کیلئے اپنا تاریخی چیف کمشنر کا صوبہ بحال کیا جائے۔اور انہیں فل پلج گورنر صوبے کی حیثیت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس جمہوری انداز میں آج پشتونخوالائرز فورم کے وکلاء نے اپنے انتخابات مکمل کیئے یہ تمام پشتونخوا وطن کے رہنے والوں کیلئے مثالی ہے، اب وکلاء کو چاہیے کہ پشتونخوا وطن کے تمام رہنے والوں جس کا کسی بھی زبان، رنگ، نسل اور مذہب سے تعلق ہو انہیں پارٹی میں شامل ہونے کی دعوت دینی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی نے بہت پہلے سے ملک اور خطے کو بحرانوں سے بچانے کیلئے جو فارمولہ پیش کیاتھا اور آج بھی جو موقف اختیار کی ہے وہ کسی کے ساتھ نہیں۔آج کسی کے ساتھ بھی ایسا بیانیہ نہیں جو مسائل کے حل میں آسانی پیدا کرسکے۔ ہمارے لیئے اپنی پارٹی کی سیاست اور اس کے ادارے ہی قابل قدرہیں۔ تمام نئے ایگزیکٹوز اپنے اختیارات کے صحیح استعمال اور منظم تنظیم سازی کیلئے محنت کرے۔وکالت کے پیشے کے تقدس کا خیال رکھنا ہوگاکیونکہ وکلاء نے ماضی میں شاندار قربانیاں دیں ہیں۔ مقررین نے کہا کہ دنیا میں سماج بہت آگے نکل چکی ہے بدقسمتی سے ہم ایک ایسے ملک کے باسی ہے جہاں جرائم بڑھتے اور وکیل کم ہوتے جارہے ہیں، جہاں مریض بڑھتے ہیں جبکہ ہسپتال اور ڈاکٹرز کم پڑتے جارہے ہیں، جس ملک میں انصاف کا بول بالا نہیں ہوگا وہ ملک بحرانوں اور بربادی کا سامنا کریگا، کیونکہ چرچل نے بھی انتہائی بُری حالت میں سب سے پہلے پوچھا کہ ملک میں عدل کا نظام کیساہے تو جواب ملا کہ عدالتوں سے انصاف صحیح مل رہی ہیں۔وہ بے فکرہوئے اور کہا کہ جب تک انصاف ہوگی تو ہم نہیں ڈوبیں گے کیونکہ انصاف جہاں بھی ہو وہ معاشرہ صحیح راہ پر چل سکتا ہے۔ ہمارا ایک قبائلی نظام قصاص، دیت اور معافی ہے جس کے تحت ہم نے سینکڑوں فیصلے کیئے ہیں۔ کیونکہ قبائلی نظام اور جرگہ سسٹم کے تحت فیصلوں کا یہ فائدہ ہے کہ لوگوں کو آسان اور سستا انصاف اپنے گھر کی دہلیز پر پہنچ جاتاہے۔ ہم نے پشتونخوا وطن میں جو ظلم کا نظام رائج تھا اور قبائلی دشمنیوں میں تاوان کے عیوض عورت دی جاتی تھی ہم نے اس گھناونے نظام کوختم کیا۔ اور دشمنیوں میں پیسوں کے جوجرمانے لگائے جاتے تھے اسے بھی اس لیئے ختم کیا کہ پھر سرمایہ داروں اور جاگیرداروں کا جب جی چاہے لوگوں کو قتل کردے اور بدلے میں رقم پیش کرے جس کیلئے ہم نے ضلع بدری کا رواج رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لوگ ناخواندہ ہیں اور عدالتی نظام کی وجہ سے ذلیل اور خوار ہورہے ہیں کیونکہ یہاں 10سے 20سالوں تک ایک معمولی فیصلہ نہیں ہوپارہا،لوگ انصاف پانے کیلئے سالوں تک عدالتوں کے چکر کاٹتے ہیں جس وجہ سے ہمارا عدالتی نظام کمزور پڑتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے پشتونخوا لائرز فورم نے انتخابات کیئے ہیں اُس وقت سے آج تک جتنے بھی کیسز پارٹی اور قومی مفاد کی خاطر بلا معاوضہ رضاکارانہ طور پر لڑے ہیں وہ تمام کیسز جیت چکے ہیں،پشتونخوا لائرز فورم آج کے شاندار کانفرنس اوربہترین کارکردگی رپورٹ پیش کرنے پر مبارکباد اور داد وتحسین کے مستحق ہیں۔
لائرز فورم کو دوبارہ منظم کرتے ہوئے نئی تنظیم سازی کرکے ساتھیوں نے مثال قائم کی ہے،عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارتوال
