کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان عوامی پارٹی کے بانی سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ 9مئی کے واقعات نے ملک و قوم کا ناقابل تلافی نقصان کیا ہے،عمران خان نے اپنی انا اور ضد کی خاطر منظم سازش کے تحت نوجوان ذہنوں کو زہر آلود کیا ہے، بلوچستان کے عوام آج یہ سوال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ کیا نواب اکبر بگٹی کا جرم عمران خان سے زیادہ تھا؟ ملک کے نظریے، شہداء اور غازیوں کی یادگاروں کو نقصان پہنچانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ سینیٹر سعید احمد ہاشمی نے کہا کہ 9مئی کے واقعات ملکی تاریخ کے بد ترین لمحات میں سے تھے جن حالات سے ملک آج گزر رہا ہے اس میں سیاست دانوں، دانشوروں، سول سوسائٹی کا بھی قصور ہے کہ انہوں نے ریاست اور اداروں کے مخالف اتنی خطرناک اور بڑی مہم کا بروقت ادراک اور اسے روکنے میں اپنا موثر کردار ادا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت قوم بلخصوص نوجوانوں کے ذہنوں کو زہر آلود کیا گیا ہے آج ہماری سیاست، معاشرے میں اس قدر نفرت پھیلا دی گئی ہے کہ ریاست کی بنیادوں کو نقصان پہنچا یا گیا۔انہوں نے کہا کہ 9مئی کو شرپسند عناصر نے وہ قداما ت اٹھائے جو ہمارے بیرونی دشمن چاہتے تھے شرپسندوں نے شہداء کی یادگاروں اور غازیوں کی نشانیوں کو بھی نہیں بخشا ان واقعات میں 1947میں لاکھوں لوگوں کی قربانیاں دینے اور قیام کے پاکستان کے بعد ملک کی بقاء اور سالمیت کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کے خاندانوں کو سب سے زیادہ دکھ پہنچا ہے۔سینیٹر سعید ہاشمی نے کہا کہ عمران خان نے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ ایک سیاسی قائد نہیں بلکہ ایک انا پرست انسان ہیں جنہوں نے نادان ذہنوں کو اپنے ہی ملک کے اداروں کے خلاف زہر آلود کیا اور قوم و ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے سیاسی شعور کا مظاہر ہ کرتے ہوئے پی ٹی آئی اور عمران خان کو کوئی اہمیت نہیں دی لیکن بلوچستان کے عوام کے ذہنوں میں یہ سوال آتا ہے کہ کیا نواب اکبر بگٹی کا جرم عمران خان سے زیادہ تھا؟۔انہوں نے کہا کہ تخت لاہور کی حالیہ جنگ سے بلوچستان کے عوام سبق ضرور سیکھے ہیں کہ انکے مسائل اور اہمیت تخت لاہور سے کوئی تعلق نہیں رکھتے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملک کے نظریے کو نقصان پہنچانے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی اگر ایسا کیا گیا تو یہ مجرمانہ غفلت ہوگی۔
٭٭٭٭٭
عمران خان نے اپنی انا اور ضد کی خاطر منظم سازش کے تحت نوجوان ذہنوں کو زہر آلود کیا ہے، سعید احمد ہاشمی

ٹیگز:
سعید احمد ہاشمی
