پشین (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پشتون قوم پسماندگی، غربت اور بیروزگاری کی زندگی گزار رہی ہے، سیاسی واک واختیار کے حصول کیلئے جدوجہد جاری رہے گی۔ حالیہ بارشوں وژالہ باری سے ضلع پشین، ضلع لورالائی ودیگر علاقوں میں لوگوں کے فصلات، باغات کو شدید نقصان پہنچا ہے، حکومت زمینداروں کی مدد وتعاون کیلئے اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری سردار امجد ترین، میئر پشین سردار اکبر خان ترین، ضلعی سینئر معاون سیکرٹری علی محمدکلیوال، حاجی اکبر صاحب، عمر خان ترین، ضلعی اطلاعات سیکرٹری عصمت اللہ باچااور عبید اللہ خواجہ نے پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی بشیر کی سربراہی میں درجنوں افراد نے مختلف سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پشتونخواملی عوامی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اور پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی سیاسی بصیرت اور حکمت وپاک صاف کردار سے متاثر ہوتے ہوئے کہا کہ ماضی سے لیکر آج تک خطے کی سیاست میں مثبت سوچ اور فکر اور پشتونخوا وطن کو کشت وخون سے بچانے کیلئے جو تاریخی کردار ادا کیا اور جو کچھ سالوں پہلے کہتے آئے ہیں ان پر عمل کیا جاتا توآج ملک اور خطہ بحرانوں سے دوچار نہ ہوتا۔ سردار امجد خان ترین نے نئے شامل ہونیوالوں کو مبارکباد دیتے ہوئے خوش آمدید کہا اور کہا کہ صحیح وقت میں صحیح فیصلہ کرکے پارٹی صفوں کو مضبوط اور کارکنوں کے حوصلے کو بلند کیا۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوا وطن میں غربت، بیروزگاری اور لاعلمی کی وجہ سے بدامنی پروان چڑھ رہی ہے، جبکہ دوسری جانب حکومت انتظامیہ اور پشتون دشمن قوتوں نے جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ پشین شہر میں منشیات کے سرعام فروخت کی وجہ سے نوجوانوں میں نشے کی لت پڑ رہی ہے اور لوگ منشیات کے عادی ہورہے ہیں۔ نشے کے عادی چوریوں، ڈکتیوں اور جرائم کے مرتکب ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان تمام بربادیوں سے نجات کا واحد حل سیاست ہے اور صحیح سیاسی راہ کا انتخاب ہے جو کہ ہمیں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے پلیٹ فارم کے ذریعے ملی ہے۔ مقررین نے کہا کہ پارٹی صفوں میں افرا تفری پھیلانے والوں اور تنظیمی نظم وضبط کو فالو نہ کرنے والوں کا انجام قوم دیکھ چکی ہے جسے پارٹی نے نظم وضبط کی خلاف ورزی کی بنیاد پر فارغ کیا اور آج ان کی تمام سازشیں بے نقاب ہورہی ہیں جس کے ذریعے ان عناصر نے دوسروں کی ایماء پر پارٹی کے پیٹھ میں چھرا گھونپا۔ مقررین نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے دور حکومت میں ہونیوالے ترقیاتی کاموں کی مثال نہیں ملتی، خاص کر پشین شہر وگردنواح میں سردار مصطفی خان ترین اور سابق میئر سید شراف آغا، ایم پی اے سید لیاقت آغا نے جو کام کیئے وہ پھر بعد میں نہ ہوسکے۔ مقررین نے کہا کہ حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے طوفانی بارشوں اور ژالہ باریوں نے جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں بچی کچی زراعت برباد کردی، مال مویشیوں کو نقصانا پہنچے جس کی وجہ سے زمینداروں، مالداروں کو بدترین نقصانات سے دوچار ہونا پڑا۔ صوبائی نااہل حکومت کو فی الفور اس کا ازالہ کرنا چاہیے اور صوبے کے اضلاع کو آفت زدہ قرار دیکر زمینداروں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے دور میں رکھے گئے ترقیاتی کاموں بالخصوص ڈیموں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
پشتون قوم پسماندگی، غربت اور بیروزگاری کی زندگی گزار رہی ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخواملی عوامی پارٹی
