کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)ملک کسی بھی نئے تجربہ کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملکی مسائل اور بحرانوں سے نجات کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کانفرنس کا انعقاد کیا جائے، ملک کے تمام اداروں کو اپنے آئینی دائرہ اختیار کا پابند ہوکر اپنے فرائض سرانجام دینے ہونگے، محکوم اقوام ومظلوم عوام کو ان کے حقوق دینے ہونگے بالخصوص پشتونوں کے ساتھ جاری امتیازی سلوک مزید کسی صورت قابل براشت نہیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام عید کے چوتھے روز ضلع پشین کے تاج لالا فٹبال گراؤنڈ میں عظیم الشان اور تاریخی جلسہ عام منعقد کیا جائیگا۔ جلسہ عام سے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین ملی مشر محترم محمود خان اچکزئی خطاب فرمائینگے، پارٹی ضلع پشین کے تمام کارکن جلسہ عام کی تیاری کے سلسلے میں عوام کو دعوت دیں کہ وہ جلسے میں بھرپور شرکت کرکے اپنے وطن دوستی، قوم دوستی،جمہوریت پسندی کاثبوت دیں۔ ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ملک عمر کاکڑ، حبیب الرحمن بازئی، حضرت عمر اچکزئی،گل خلجی، صورت خان کاکڑ، ملک ذاکر حسین کاسی، سردار ادریس بڑیچ، منان خان بڑیچ نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ملک میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہور کی حکمرانی، عدلیہ اور میڈیا کی مکمل آزادی چاہتی ہے اورملکی اداروں کا وقار تب ہی ممکن ہے جب وہ ملک کے آئین میں دیئے گئے اپنے دائرہ اختیار کے اندر رہتے ہوئے اپنے فرائض کی انجام دہی کرینگے، آج ملک کے بحرانوں کی جو صورتحال ہیں سب زیادہ غریب عوام اس سے متاثر ہورہے ہیں جن پر ملکی تاریخ کی بدترین مہنگائی اور بیروزگاری مسلط ہوچکی ہے، بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے عوام جن کا واحد ذریعہ معاش باڈر ٹریڈ سے وابستہ تھاان پر یہ تجارت بند کردی گئی،بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ اور خاص کر سیزن میں بجلی کی بندش نے زراعت کو مکمل طور پر تباہی سے دوچار کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نااہل مسلط صوبائی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں و اقدامات کے باعث ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے عوا م بدترین مسائل سے دوچار ہیں، پشتونخواملی عوامی پارٹی نے اپنے دور حکومت میں جن عوامی شعبوں کو بحال وفعال کرکے انہیں عوام کی خدمت پر مامور کیا تھا آج وہ ادارے پھر سے مفلوج بنا دیئے گئے ہیں جس کا مقصد عوام کو ہر صورت میں مشکلات ومسائل سے دوچار کرنا ہے جبکہ حکومت، اس کے وزراء کی تمام تر توجہ کرپشن وکمیشن پر مرکوز ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آج صوبے بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے مختلف اضلاع کوئٹہ، پشین،قلعہ،عبداللہ، چمن میں ہونیوالے دہشتگردی، بدامنی، اغواء برائے تاوان، سٹریٹ کرائمز، منشیات فروشی، ڈکیتیوں، ٹارگٹ کلنگ کے واقعات نے عوام کے سرومال کو سنگین خطرات سے دوچار کیا ہے۔ عوام موجودہ حکومت میں خود کو عدم تحفظ کا شکار سمجھ رہے ہیں جبکہ حکومت دہشتگردوں، جرائم پیشہ عناصر کے کیخلاف ہر قسم کی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے غیور عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ غیروں اور گروہوں کی سیاست کی زئی وخیلی اور منفی طرز عمل پر مبنی سیاست کو ترک کرتے ہوئے اپنے حقوق کیلئے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صفوں میں شامل ہوکر جدوجہد کریں۔ بیان میں ضلع پشین کے تمام غیور، باشعور، وطن دوست، قوم دوست، جمہوریت پسند عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ضلع پشین میں عید کے چوتھے روز ہونیوالے جلسہ عام میں بھرپور شرکت کریں۔
ملک کسی بھی نئے تجربہ کا متحمل نہیں ہو سکتا ، مجید خان اچکزئی

ٹیگز:
مجید خان اچکزئی
