کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہاہے کہ ذوالفقارعلی بھٹو شہید نے پاکستان میں جمہوری نظام اور روایات کے لئے جدوجہد کی، پیپلزپارٹی کے قیام کا مقصد عوامی خدمت کرنا تھا اور شہید بھٹو کے اس مقصدکو لیکر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی قیادت میں جیالے مسلسل آگے بڑھ رہے ہیں، عمران نیازی اور پی ٹی آئی مسلسل اداروں اور ملک کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے پی ٹی آئی کی ملک دشمن سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،ثناء اللہ جتک، ضلع کوئٹہ کے صدر میر نصیب للہ شاہوانی، پیپلز پارٹی خواتین ونگقائم مقام جنرل سیکرٹری سکینہ عبدلالہ، اقلیتی ونگ کے صدرجعفر جارج،پیپلز لیبر بیورو کے صدر شاہ جہانگیر،وکلاء ونگ کے ملک سمندرخان کاسی ایڈؤوکیٹ، پیپلز یوتھ ونگ کے صدر عین الدین،پی ایس ایف کے صدر جہانگیر بلوچ،سرور سرور سلمانْیل،لورالائی ڈویژن کے شمس حمزہ زئی، قلات ڈویژن کے صدر رفیق سجاد زہری نے شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 44ویں برسی کی مناسبت سے پیپلزپارٹی کے زیراہتمام صوبائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرفنانس سیکرٹری ملک عبدالحمید کاکڑ،ارباب اسد کاسی، قاسم خان اچکزئی،ربانی خلجی،خواتین ونگ کی نائب صدر و فوکل پرسن ورکرز ویلفیئر بورڈ اسکولز ماہ جبین جمالی، آفس سیکرٹری اختر بلوچ اوردیگربھی موجود تھے۔مقررین نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے یومِ شہادت کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں جمہوریت کی بالادستی کے لیے عظیم الشان قربانی دی اور آج بھی بھٹو شہیدعوام کے دلوں اور ذہنوں میں زندہ ہیں جبکہ ضیاالحق جیسے بدترین آمر نے قائدِعوام ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی لگا کر پاکستان کا ناقابلِ تلافی نقصان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد عوام کا پاکستان کو نئے استوار پر گامزن کرنے اور ملکی تعمیر میں کردار بے مثال ہے اور شہید بھٹو ایک کرشماتی شخصیت کے مالک تھے اور آج عوام انہیں سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شہید بھٹو نے اقتدار کو لات مار کر پاکستان میں جمہوری سیاست کی بنیاد رکھی اور ایٹمی صلاحیت کے ذریعے ملک کا دفاعی نظام مضبوط بنایا شہید بھٹو کے فلسفے پر چلنے والوں نے جمہوریت کے لیئے جانیں دیں اور آج بھی تیار ہیں شہید بھٹو نے کبھی راہِ فرار اختیار نہیں کی بلکہ تمام تر خطرات کے باوجود اپنے ملک میں رہ کر بدترین آمر کا سامنا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقوق کیلئے پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اورسابق صدر مملکت آصف علی زردار ی کی قیادت میں جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اقتدار چلے جانے کے بعداپنا ذہنی توازن کھو چکا ہے اور وہ مسلسل ملک اور اداروں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے جس میں انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران نیازی نے پنجاب ا ور خیبرپختونخوا اسمبلیاں توڑکر ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی قومی اورصوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ ہونگے جس میں پاکستان پیپلزپارٹی بھرپور حصہ لے گی اورانشاء اللہ بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں کامیابی حاصل کریگی۔
٭٭٭٭
ذوالفقارعلی بھٹو شہید نے پاکستان میں جمہوری نظام اور روایات کے لئے جدوجہد کی ، پیپلز پارٹی بلوچستان

ٹیگز:
پیپلز پارٹی
