لاہور(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے لیے اسلام آباد پولیس لاہور پہنچ گئی۔ایس پی سٹی اسلام آباد حسین طاہر کی سربراہی میں ٹیم لاہور پہنچی ہے۔ ایس پی سٹی حسین طاہر کچھ دیر بعد ٹیم کے ہمراہ زمان پارک پہنچیں گے۔
اسلام آباد پولیس نے عمران خان کی گرفتاری کے لیے لاہور پولیس کو معاونت کے لیے درخواست دے دی ہے۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کی کوئی بھی کوشش حالات کو شدید خراب کر دے گی۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میں اس نا اہل اور پاکستان دشمن حکومت کو خبردار کرنا چاہ رہا ہوں کہ پاکستان کو مزید بحران میں نہ دھکیلیں اور ہوش سے کام لیں، کارکنان زمان پارک پہنچ جائیں۔

