کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں NA-265کے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں PB29,PB28,PB27کے صوبائی حلقوں پر مشتمل آرگنائزنگ کمیٹی کے علیحدہ علیحدہ اجلاس پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیاتوال، صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان اور صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ذاکر حسین کاسی کی زیر صدارت میں منعقدہوئیں۔اجلاس میں مذکورہ حلقوں میں پارٹی کے علاقائی یونٹوں کے اجلاسوں کے انعقاد، عوامی رابطہ مہم اور انتخابی مہم کو تیز کرنے، پارٹی کے تنظیمی سیاسی فعالیت کو دوبالا کرنے سمیت دیگر امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ اجلاس سے پارٹی کے صوبائی نائب صدر مجید خان اچکزئی، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سید لیاقت آغا، حبیب الرحمن بازئی، حضرت عمر اچکزئی،ذاکر حسین کاسی، نظام عسکر،منان بڑیچ،ادریس خان بڑیچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ NA-265پر پارٹی کے نامزد امیدوار پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کی کامیابی کیلئے پارٹی کارکنوں کو شب روز محنت کرتے ہوئے گھر گھر عوامی رابطہ مہم کرکے پارٹی امیدوار کو کامیاب بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کی پرچی ہی عوام کی اصل طاقت ہے عوام اپنی اس طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اپنے مستقبل کا فیصلہ باآسانی کرسکتے ہیں۔ 2018میں عوامی حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈال کر بدترین دھاندلی کی گئی جس کے ذریعے اپنے من پسند شخص کو لاکر قومی اسمبلی کا رکن بنایا گیا اور پھر ساڑھے چار سال تک کی ان کی کارکردگی ہمارے عوام کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے ہر فورم پر اپنے عوام کے حقوق کی بہترین ترجمانی کی اور اس کیلئے عملی جدوجہد کرتے ہوئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کوئٹہ شہر کی صورتحال ہمارے سامنے ہیں، شہریوں کو انسانی زندگی کی بنیادی سہولیات تک میسر نہیں، گیس، بجلی، پینے کا صاف پانی میسر نہیں، بدترین مہنگائی سے عوام کی قوت خرید ختم ہوچکی ہے، بازار اہر قسم کے اشیاء خوردنوش اور ضروریات سے بھرے پڑے ہیں لیکن خریدنے کیلئے لوگوں کے پاس پیسے نہیں، روزگار کے تمام دروازے بند کردیئے گئے ہیں اور حاصل مواقع بھی ختم کرنے پر حکومتی ناروا اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، شہریوں کو آٹا تک میسر نہیں اور مہنگے داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر اکائی کی اپنی قومی وجود اور تشخص کے نام سے صوبوں کا نام دیا گیا، پشتونوں کو مختلف یونٹوں میں تقسیم کرکے ان کی تشخص، سرزمین، جغرافیہ کو مسخ کرنے کی ناکام کوششیں آج بھی جاری ہے۔ پشتونوں کے صوبہ خیبر پشتونخوا کے نام کو حکومتی سطح، میڈیا پر ختم کرکے KPKکا مختصر نام دیا جارہا ہے اس قسم کی چالاکیاں کسی صورت قابل قبول نہیں، ہر صوبے کا اپنا پورا نام ہے لکھنے، پڑھنے میں سرکاری دستاویزات میں خیبر پشتونخوا کی بجائے کے پی کی کا استعمال پشتون دشمن اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پشتون بالخصوص اور تمام عوام بالعموم صوبہ خیبر پشتونخوا کو لکھیں اور پڑھیں اور KPKلکھنے اور پڑھنے سے گریز کریں کیونکہ یہ ہمارے عوام اور اس کی شناخت کے ساتھ ناانصافی ہے، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے کارکن اس کیلئے باقاعدہ مہم چلائیں۔
ووٹ کی پرچی ہی عوام کی اصل طاقت ہے ، مجید خان اچکزئی

ٹیگز:
مجید خان اچکزئی
