خضدار(ڈیلی گرین گوادر)میونسپل کارپوریشن خضدار کے میئر اور ڈپٹی میئر کی تاریخ ساز کامیابی کی خوشی میں پاکستان پیپلز پارٹی ضلع خضدار کے زیراہتمام خلق جھالاوان خضدار میں اظہار تشکر کے حوالے سے تقریب منعقد ہوئی۔جس سے پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما نواب ثنا اللہ زہری نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پارٹی نے بلوچستان بھر میں زبردست کامیابی سمیٹی جس پر پارٹی کونسلرز،کارکنوں،نومنتخب میئر اور ڈپٹی میئر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، کامیابی کایہ سلسلہ یونہی جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آنے والے الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی ملک بھر بالخصوص بلوچستان سے تاریخی کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ پیپلز پارٹی غریبوں ہاریوں اور متوسط طبقات کی نمائندہ جماعت ہے، بلوچستان کے عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پارٹی کو اپنی امیدوں کا محور سمجھتے ہیں۔ کار کن بھرپور انداز میں اپنی جدوجہد کو تیز کریں۔آنے والا دور ہمارا ہے، بلوچستان کے عوام کے مسائل کا حل صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما آغا شکیل احمد درانی نے تقریب سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام کونسلرز اور پارٹی کارکنوں کا تہہ دل سے مشکور ہوں جنہوں نے دن رات جدوجہد کرکے میونسپل کارپوریشن خضدار کے میئر اور ڈپٹی میئر کی صورت میں شاندار کامیابی سمیٹی۔انہوں نے نومنتخب میئر محمد آصف جمالدینی ڈپٹی میئر جمیل قادر زہری اور اتحادی جماعتوں کو کامیابی پر مبارکباد دی۔تقریب سے نومنتخب میئر خضدار امیر محمد آصف جمالدینی اورڈپٹی میئر جمیل قادر زہری نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے قائد چیف آف جھالاوان نواب ثنا اللہ خان زہری، آغا شکیل احمد درانی تمام کونسلرز،کارکنوں اور ذمہ داروں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔تقریب سے پارٹی بلوچستان کے نائب صدر فیصل رحیم زہری،قلات ڈویژن کے صدر رفیق سجاد، ضلع خضدار کے قائمقام صدر قدیر احمد زہری۔ ضلعی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد اسماعیل زہری، نومنتخب یوسی چیئرمین حاجی صلاح الدین زہری، نومنتخب میئر خضدار میر محمد آصف جمالدینی، ڈپٹی میئر جمیل قادر زہری، سابق صدر میر عبدالرحمن زہری، میر ذاکر علی باجوئی، میر جمعہ خان شکرانی نومنتخب یوسی چیئرمین بابو الہی بخش زہری، انجینئر حبیب قادر زہری، حاجی عطا اللہ موسیانی اورمحمد اکرم لہڑی نے بھی خطاب کیا۔
آنے والا دور ہمارا ہے، بلوچستان کے عوام کے مسائل کا حل صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہے،نواب ثنا اللہ زہری

ٹیگز:
نواب ثنا اللہ زہری
