کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبے میں آٹے کا بحران شدید بڑھتا جارہا ہے، بجلی اور گیس غائب ہیں،سویلین اتھارٹی کا خاتمہ جاری ہے، مہنگائی اور اشیاء ضرورت کے چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، پیداوار اور عوام کے روزگار کے ذرائع اور وسائل کو ایف سی کے حوالے کرنا کا مکروہ دھندہ جاری ہے، پشتونوں کی سیاسی اختیار اور قومی وسائل پر قبضہ جاری ہے۔ ان خیالات کااظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالاکی زیر صدارت پشتون مینہ اور پشتون آباد علاقائی یونٹس کے کانفرنسز سے پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، صوبائی سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی سیکرٹری مالیات سید لیاقت آغا نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دونوں علاقوں کے منتخب ایگزیکٹوز سے عبدالرحیم زیارتوال نے حلف لیا۔ مقررین نے کامیاب علاقائی کانفرنسز اور ایگزیکٹوز کومبارکبادپیش کرتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ پارٹی کے پروگرام کو گھر گھر لیجانے میں اپنا کردار ادا کرینگے۔ مقررین نے کہا کہ ایک جانب ملک اور صوبے میں بدترین مہنگائی جاری ہے اور دوسری طرف صوبائی حکومت کی نااہلی سے آٹے کی سخت ترین قلت پیدا ہوگئی ہے، منفی 10سے زیادہ سخت ترین سردی میں گیس اور بجلی کا نہ ہونا لمحہ فکریہ بن گیا ہے، پشتونوں کے معدنی وسائل پر خود پیدا کردہ بدامنی کے بہانے قبضہ جاری ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائیگی، پشتون اپنے وطن میں قدرتی معدنی بے تحاشا وسائل تیل، گیس، بجلی اور پانی اور نہایت قیمتی نایاب قدرتی جنگلات کے قبضے سے پشتون دیار غیر میں سخت ترین محنت ومزدوری پر مجبور ہیں۔ مقررین نے کہا کہ پشتونوں کو ملک میں سرومال کا تحفظ حاصل نہیں، پشتونخوامیپ کی قیادت میں پشتون اپنے قومی وحدت، قومی تشخص (پشتونستان، افغانیہ، پشتونخوا) اور اپنے قومی وسائل پر سیاسی واک واختیار کے حصول کیلئے اپنی سیاسی صف بندی کررہی ہے۔ مقررین نے کہا کہ جمہوریت کے ذریعے ملکی مسائل کا حل ڈھونڈا جاسکتاہے جب تک ملکی آئینی ادارے اپنے آئینی دائرہ اختیار کے پابند نہیں ہونگے مسائل کا حل ممکن نہیں۔ ملکی سیاست میں غیر جمہوری قوتوں،سٹیبلشمنٹ کی مداخلت سے سیاسی کوچ کا عمل جاری ہوچکا ہے، جو ملک کیلئے نیک شگون نہیں سیاسی موسمی پرندوں کی اڑان جاری ہے اور نئی سمتوں کیلئے ہدایات جاری ہورہے ہیں جو ملکی سیاسی قیادت کے لئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے۔
صوبے میں آٹے کا بحران شدید بڑھتا جارہا ہے، بجلی اور گیس غائب ہیں،سویلین اتھارٹی کا خاتمہ جاری ہے،عبدالرحیم زیارتوال

ٹیگز:
عبدالرحیم زیارتوال
