مردان: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج مالاکنڈ میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔
پی ڈی ایم کو انتظامیہ کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر بٹ خیلہ میں جلسے کی جگہ تبدیل کر دی گئی ہے۔ اب جلسہ سوات ایکسپریس وے کے ٹال پلازہ کے قریب ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر مالاکنڈ نے کہا ہے کہ کورونا ایس او پیز کی وجہ سے جلسے اورریلی کی اجازت نہیں دے سکتے، آج پولیو ٹیموں کے ساتھ لیویز کے 600 اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر ہوں گے.
انہوں نے مزید کہا کہ جلسے میں شرکت کرنے والے رہنماؤں کو پہلے سے خطرات ہیں، این او سی کے بغیر جلسے کا انعقاد قانون کی خلاف ورزی ہوگی جس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر ہمایوں خان نے کہا کہ پی ڈی ایم ریلی کیلئے کسی اجازت نامے کی ضرورت نہیں۔
جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ظفر پارک میں ہی جلسہ کرنے پر بضد ہے جب کہ مسلم لیگ ن اور اے این پی کے رہنماؤں نے ابھی تک جلسہ پوائنٹ کا فیصلہ نہیں کیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز مالاکنڈ جلسہ میں شرکت نہیں کریں گی۔
مردان شیرگڑھ بازار میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے قافلے جمع ہونا شروع ہو گئے جبکہ شہر کی اہم شاہراوں پر ٹریفک جام ہو گئی۔ کارکنان کی بڑی تعداد جگہ جگہ اپنے قائدین کے انتظار میں رقص کر رہی ہے۔

