اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)ایمرجنسی کے نفاذ پر بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کرنے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے حکومت پر طاقت کے زور زور سے اقتدار قائم رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے خبردار کیا کہ اس طرزِ عمل سے ملک تباہی کی طرف جائے گا۔
انہوں نے اگلا گورنر راج اور پانیوں کا معاملہ سندھ میں سامنے آنے کا امکان ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے اپیل کی کہ ‘ابھی بھی وقت ہے، یہ اقدامات واپس لیں۔۔۔۔خدا کا واسطہ لوگوں کو تنگ مت کریں۔۔۔۔ یہ رویہ بربادی کا ہے، آئیں بسم اللہ کریں۔’محمود اچکزئی نے معزول وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی گرفتاری کی مذمت کی اور ملکی سیاست اور حکومت میں اسٹیبلمشنٹ کے کردار پر بھی سوال اٹھائے۔
اپوزیشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی ناکمی کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کا مطالبہ تھا کہ ہمیں ہمارے لیڈر سے ملنے دو اور اسی بات پر ‘بات اٹک گئی’۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کرنے کی اجازت دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “کسی سے ملاقات نہ کرانا بہت بڑا مجرمانہ فعل ہے ۔”

