کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان کے فوکل پرسن و مرکزی رہنما سید اقبا ل شاہ، پیپلز پارٹی کے صوبائی نائب صدر اول میر ریاض شاہوانی،صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات حیات خان اچکزئی،ثناء اللہ جتک،اختر بلوچ،پیپلزلیبر بیورو کے صدر شاہجہان گجر، عزیز لانگو،کوئٹہ سٹی کے جنرل سیکرٹری نعمت لالا سید ایوب آغا،اکرم گل،مٹھا خان عمرانی اوردیگر نے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے تمام شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک المناک واقعہ ہے جس نے جمہوریت سے وابستگی، سیاسی استقامت اور قومی عزم کی ایسی داستان رقم کی جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا شہدا کا لہو پاکستان میں جمہوری اقدار کے استحکام کی جدوجہد کا روشن باب ہے۔یہ بات انہوں نے اتوار کی رات پیپلز لیبر بیورو کے زیراہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے شہدا سانحہ کارساز کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی وطن واپسی پر دہشت گردی کے ذریعے انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تاہم قوم کی عظیم رہنما کو نہ ڈرایا جا سکا اور نہ جھکایا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کارساز نے جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے تاریخ ساز قربانیاں دیں جو جمہوری تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہیں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی کہ ان شہداء نے جمہوریت اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور آمریت کے راستے میں رکاوٹ بنے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے لے کر کارکنوں تک، جمہوریت کے لیے قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کی گئی ہے سانحہ کارساز کے19سال بعد بھی شہداء کی یاد تازہ ہے اور آمریت کے خلاف جدوجہد تاریخ کا اہم حصہ ہے۔۔انہوں نے کہا کہ دھماکوں اور جانی نقصان کے باوجود جیالوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے اور ان کی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا مشن عوام کی حکمرانی، مساوات، سماجی انصاف اور پرامن، خوشحال و ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ہے، جسے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا کی قربانیاں اس عزم کی یاد دہانی ہیں کہ عوام کی حکمرانی اور جمہوری نظام کے تحفظ کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قومی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں ہماری اجتماعی ذمہ داری کو یاد دلاتی ہیں۔اس موقع پرشہدا کے درجات کی بلندی اور ان کے اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
سانحہ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک المناک واقعہ ہے، سید اقبال شاہ، میر ریاض شاہوانی

ٹیگز:
سانحہ کارساز پاکستان
