لاہور(ڈیلی گرین گوادر)سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت کی ساری توانائیاں این آر او 2 اور اس کے تحفظ پر مرکوز ہیں۔اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے کہا کہ معیشت کا جنازہ نکالنے کے علاوہ یہ امپورٹڈ سرکار چمن سے سوات، لکّی مروت اور بنوں تک پیش آنے والے واقعات کی شکل میں پاکستان میں دہشت گردی کی شرح میں 50 فیصد اضافے سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران تو افغانستان میں دوست حکومت کے باوجود پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر ہونے والے حملے روکنے میں بھی ناکام ثابت ہوئے ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ ستم ظریفی تو یہ ہے کہ ایسےمیں جب ہمارے جوان، پولیس اہلکار اور مقامی لوگ روزمرّہ کی بنیاد پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرات اور مغربی سرحد سے کئے جانے والے حملوں میں اضافہ مجرموں کی اس سرکار کے بیانیے میں جگہ تک نہیں پا رہا۔سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ساری توانائیاں این آر او 2 اور اس کے تحفظ پر مرکوز ہیں۔ سیاسی استحکام ہی معیشت مستحکم کرنے کا واحد کلیہ ہے لیکن معیشت کی زبوں حالی کے باوجود یہ انتخابات کے انعقاد سے گھبرا رہے ہیں۔

