کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ضلع لسبیلہ میں بچوں میں خسرہ کی وبا کے پھیلنے کا نوٹس لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے سوشل میڈیا پر ضلع لسبیلہ میں بچوں میں خسرہ کی وبا کے پھیلنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایچ او لسبیلہ کو ہدایت کی کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں وبا کی روک تھام کے لئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام ضروری طبی عملے کی متاثرہ علاقوں میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلیٰ بلو چستان کی ہدایت پر ڈی ایچ او لسبیلہ ڈاکٹر قمر رونجھو نے متاثرہ علاقے گاؤں الانہ صابرہ گمبٹ یوسی شہ، تحصیل لاکھاڑہ کا میڈیکل ٹیم کے ہمراہ دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈی ایچ او لسبیلہ ڈاکٹر قمر رونجھو نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال اْوتھل سے شمال مغرب میں تقریباً 35 کلومیٹر دور خسرہ سے 3 اموات ہوئیں ہیں جبکہ پچھلے 7 دنوں سے خسرہ کے 6 طبی طور پر تصدیق شدہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 2 زیادہ متاثرہ بچوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اْوتھل لایا گیا دیگرکوعلاج اور ادویات موقع پر فراہم کی گئیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ 3 بچوں کے نمونے حاصل کئے گئے جنہیں آئی این ایچ لیب اسلام آباد بھجوایا جائے گا متاثرہ گاؤں معمول کے حفاظتی ٹیکے لگانے سے انکاری ہے تمام کیسز میں پہلے ویکسینیشن نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ 15 سال سے کم عمر کے بچوں کو قطرے پلائے گئے اور (26 بچوں) کی موپ اپ سرگرمی کل سے پوری یونین کونسل میں کی جائے گی۔
میرعبدالقدوس بزنجو نے ضلع لسبیلہ میں بچوں میں خسرہ کی وبا کے پھیلنے کا نوٹس لے لیا

ٹیگز:
میرعبدالقدوس بزنجو
