کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ عمران خان کی پریس کانفرنس کے بعد ان کے لئے پیدا ہونے والی ہمدردی ختم ہوگئی ہے، عمران خان کا مسئلہ الیکشن نہیں بلکہ نئی حساس تعیناتی پر اثر انداز ہونا ہے،عمران خان بتائیں وہ کسے آرمی چیف بنانا چاہتے ہیں، لانگ مارچ کی ناکامی کے بعد حملے کرکے ناکام لانگ مارچ کو ختم کر کے لئے یہ سب کچھ کیا گیا،وزیرآباد واقعہ کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنائی جائے، افواج پاکستان کی جانب سے عمران خان کے خلاف قانونی کاروائی کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں انہیں مچ جیل سے بھی بہتر جگہ رکھنا چاہیے، وزیراعلیٰ بلوچستان کئی دن سے غائب ہیں ہم اپوزیشن کس کریں۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ میں اپنی رہائشگاہ پر جمعیت علما ء اسلام کے رہنماء عین الدین شمس سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے وزیرآباد واقعہ کی مذمت کی ہمارا موقف رہا ہے کہ سیاسی بنیں، مذاکرات سیکھیں، سیاست ایک دوسرے کے احترام، محبت کا نام ہے جب سیاست نفر ت میں تبدیل ہواور سیاست کو گالی،دشمنی، منافقت،جھوٹ کا نام دیا جائے،مذہب کے نام پر لوگوں کے جذبات ابھارے جائیں تو اس کے نتیجے میں وہی کچھ ہوتا ہے جو وزیرآباد میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پر حملے کا مذہب سے تعلق نہیں ہے یہ ایسے شخص کا کام ہے جسکا مذہب سے دور،دور تک لینا دینا نہیں اور نہ ہی وہ مذہب کو جانتے ہیں بلکہ اس کا استعمال کرتے ہیں حملہ آور اور حملہ ہونے والا شخص دونوں ہی نشئی ہیں اور نشے کے اثرات میں لوگ اکثر ایک دوسرے سے ایسے عمل کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی پریس کانفرنس سے ہمارا اختلاف ہے لیکن ہم کسی کو بھی قتل کرنے کا حق کسی کو نہیں دیتے گزشتہ روز کی پریس کانفرنس نے عمران خان کے لئے پیدا ہونے والی ہمدردی ختم کردی ہے بغیر ثبوت اور شواہد کے وزیراعظم، وزیر داخلہ اور اعلیٰ فوجی افسر پر الزامات لگائے گئے سیاست میں شائستگی اور احتیاط ہونی چاہیے ملک کی بقاء اور سالمیت کی جنگ لڑنے والوں پر الزامات لگانا غیر مناسب عمل ہے جن لوگوں نے ملک کو دوالیہ ہونے سے بچانے کے لئے جی جان لگائی ہے ان پر الزامات کی بوچھاڑ کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جن پر الزامات لگائے گئے ہیں وہ کہ رہے ہیں ہم سیاست سے دور ہیں، نیوٹرل ہیں اور اپنا آئینی کردار جاری رکھیں گے پھر بھی انہیں سیاست میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے عمران خان چاہتے ہیں انہیں کندھوں پر اٹھا کر ملک پر مسلط کردیا جائے اور اگر وہ یہ نہیں کرتے تو انہیں جانور کہا جاتا اور گالیاں دی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نومبر کے مہینے میں ایسی خطرناک باتوں کے مقاصد واضح ہیں آرمی چیف کی تعیناتی حکومت کا کام ہے جو بھی میرٹ پر آئے گا اسے آرمی چیف تعینات کردیا جائیگا اگر اس عہدے کو بھی سیاسی بنا دیا جائے تو ملک کی بقاء اور سالمیت کے ادارے میں تفریق پیدا ہوگی جو ملک توڑنے کے مترادف ہے۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ عمران خان کا مسئلہ الیکشن نہیں بلکہ نئی حساس تعیناتی پر اثر انداز ہونا ہے اگر ہر ایک اپنی مرضی کا آرمی چیف تعینات کریگا تو پھر ہر جماعت اپنا آرمی چیف لائے گی ہم عمران خان کے اقدامات کی مخالفت کرتے ہیں وقت آگیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان معاملے کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہا کہ جب ڈی جی آئی ایس آئی ملک کے دفاع میں سامنے آگئے تو عمران خان کو معلوم ہوگیا تھا کہ انکا بیانیہ ختم ہوگیا ہے یہی وجہ ہے کہ عوام انکے لانگ مارچ میں نہیں آئے 10لاکھ لوگ لانے کا دعویٰ کرنے والا شخص 10ہزار لوگ بھی نہیں لا سکا انکے لانگ مارچ میں 500سے 600لوگ موجود تھے جسکی وجہ سے عمران خان دوبار ناراض ہوکر لاہور بھی چلے گئے یہ سب کچھ اسی پہراہے میں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو نقصان پہنچانے کا فائد ملک دشمن عناصر کوپہنچے گا بلوچستان کے لوگوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ملک مشکل حالات میں ہے اور ایسی صورتحال کو متحمل نہیں ہوسکتا عوام عمران خان کی باتوں میں نہ آئیں۔مولانا واسع نے سوال کیا کہ عمران خان بتائیں وہ کسے آرمی چیف بنانا چاہتے ہیں کیا انکے ذہن میں کوئی نام ہے یا وہ پھر وہ بلاوجہ اداروں کو متنازعہ بنا رہے ہیں عمران خان نے کشمیر مودی اور ٹرمپ کی جھولی میں رکھ کردیا۔انہو ں نے کہا کہ سیاسی اختلافات اور کمزوریاں اپنی جگہ لیکن تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ ہم اپنی سرحدات کے تحفظ، اسلام، ایٹمی اثاثوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ناکام لانگ مارچ کو ختم کر کے لئے یہ سب کچھ کیا گیا سانحہ اے پی ایس کے وقت بھی عمران خان کا دھرنا جاری تھا جسے ختم واقعہ کے بعد ختم کیا گیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیرآباد واقعہ کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی بنائی جائے ہم کسی بھی ظلم کی حمایت نہیں کرتے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے لئے مچھ جیل سے بھی بہتر جگہ تلاش کرنی چاہیے تاکہ انہیں کوئی آسائش میسر نہ ہو ہم آئی ایس پی آر کی جانب سے عمران خان کے خلاف قانونی کاروائی کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام بلوچستان میں اپوزیشن تب کریگی جب کوئی نظر آئے اب تو کئی دن سے وزیراعلیٰ بھی منظر عام سے غائب ہیں توہم اپوزیشن کس کے ساتھ کریں معلوم نہیں کہ وزیراعلیٰ اس وقت کہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسے فتنے اور باولے کے مقابلے میں جو بھی کھڑا ہوگا ہم اسکا ساتھ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن، مولانا عبدالغفور حیدری پر بھی خود کش حملے ہوئے لیکن ہم نے اپنا دشمن جانتے ہوئے بھی کسی پر الزام نہیں لگایا،بے نظیر بھٹو کو بھی اپنے قاتل معلوم تھے مگر پاکستان کی خاطر سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ بلند کیا۔مولانا عبدالواسع نے کہا کہ پاکستان اس وقت ایسے چوراہے پر کھڑا ہے کہ جہاں دشمنوں کی نظریں سیاسی عدم استحکام، امن و امان خراب کرنے پر لگی ہوئی ہیں گزشتہ چار پانچ سال سے دشمنوں اور کچھ ہمارے اپنے لوگوں نے ملکر ایسے لوگوں کو مسلط کیا جنہوں نے ملک کو ایسے کنارے پر لا کھڑا کیا ہے کہ ملک کا دشمن امریکہ یہ کہتا ہے کہ ہمارے ایٹمی اثاثے غیر محفوظ ہیں،آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک مسلسل ٹیکس بڑھانے کا دباؤ ڈال رہے ہیں ہم سے ڈو مور کا مطالبہ کیاجارہا ہے ہمارا پڑوسی ملک ہندوستان بھی دشمنوں کی پشت پر کھڑا ہے آج پاکستان کو تباہ کر نے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام ملک کی وہ واضھد جماعت ہے جس نے ہمیشہ آئین و قانون کی پاسدار یکی بات کی ہے اور ہر غیر آئینی اقدام کی مخالفت کی ہے۔جمعیت علماء اسلام کا موقف ہے کہ مقتدرہ قوتوں نے اگر آئین پر عملدآمد کرنے، سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان،سرحدوں کے تحفظ اور دشمن قوتوں کا مقابلہ کیا تو ہم اپنی فوجی قیادت کے دفاع میں ہر اول دستے کا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ ملک بچانے کی بات کی ہے ہمارے قائد مفتی نے پاکستان کو دو لخت ہونے سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی اور ڈھاکہ تک گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ملک کی بقاء و سالمیت کے لئے کھڑے ہیں لیکن کچھ وقتیں اپنی اور اپنے آقاؤں کی حکمرانی چاہتی ہیں اور جب ایسا نہ ہو تو ملک توڑنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتیں اور اپنے ہی ملک کے وزیراعظم، وزیر داخلہ اور اعلیٰ فوجی افسران پر الزامات لگاتے ہیں۔
عمران خان کی پریس کانفرنس کے بعد ان کے لئے پیدا ہونے والی ہمدردی ختم ہوگئی ہے،مولانا عبدالواسع

ٹیگز:
مولانا عبدالواسع
