کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی نائب صدر ماہ جبین خالد جمالی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پرحملہ قابل مذمت ہے حملے کی ذمہ داری پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت پر عائد ہوتی ہے،عمران نیازی اور پی ٹی آئی کے دیگر قائدین بغیر تحقیق کے اعلیٰ سیکورٹی آفیسراور حکومتی شخصیات پر بے بنیاد الزام تراشی کرکے ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانے کی مذموم سازش کررہے ہیں سیکورٹی اداروں کی ملک کی حفاظت اورعوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں پوری قوم اپنی سیکورٹی اداروں کے ساتھ ہے اور کسی کو بھی سیکورٹی اداروں پر بے بنیاد الزامات لگانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ملاقات کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی خواتین کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ماہ جبین خالد جمالی نے کہاکہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو تحفظ فراہم کرنا پنجاب حکومت، وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہیٰ اور پنجاب پولیس کی ذمہ داری تھی اور وہ اپنی ذمہ داری نبھانے میں بری طرح ناکام ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر حملے کی مذمت کی ہے لیکن پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران نیازی اورانکے ساتھی بغیر تحقیق کے فائرنگ کی ذمہ داری ایک اعلیٰ سیکورٹی آفیسر اور اہم حکومتی شخصیات پر عائد کر رہے ہیں جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک کے دفاع کیلئے سیکورٹی اداروں کے افسران اورجوانوں کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں ہیں لیکن عمران نیازی بغیر ثبوت کے سیکورٹی اداروں کے اعلیٰ افسران پرالزام تراشی کرکے ملک میں خانہ جنگی پیدا کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں جس میں انہیں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عمران نیازی کی طرف سے سیکورٹی اداروں کے اہم عہدوں پرفائز افسران پر بلاجواز تنقید اور الزام تراشی کی مذمت کرتی ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ سیکورٹی اداروں کے افسران پر بلاجواز الزامات لگانے پر عمران نیازی اور پی ٹی آئی کے دیگر قائدین کے خلاف قانو ن کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
عمران نیازی بے بنیاد الزام تراشی کرکے ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانے کی مذموم سازش کررہے ہیں،ماہ جبین خالد جمالی

ٹیگز:
ماہ جبین خالد جمالی
