اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد کی ملاقات ۔ملاقات میں پروفیسر ڈاکٹر ضیالرحمن بلوچ اور ڈاکٹر ابابگر بلوچ بھی موجود تھے ۔وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے کہا کہ بلوچی اور براہوئی زبانوں کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئیے ضروری ہے کہ دونوں زبانوں کو ڈیجیٹلائزکیا جائے تاکہ ان زبانوں نے موجود علمی ادبی تاریخی تہذیبی اور ثقافتی ورثے کو محفوظ کیا جاسکے۔ وفاقی وزیر نے بلوچستان میں ہائرایجوکیشن کے حوالے سے مختلف امور پر گفتگو کی اس کے علاوہ انہوں نے بلوچستان کے جامیعات اور ان کے مسائل پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ملاقات میں وفاقی جامعات میں بلوچستان کے طلبہ کے لئیے مخصوص نشستوں میں اضافہ، ملازمت کے مواقع اور اسکالرشپس کی تعداد بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی جس پر چئیرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے اتفاق کرتے ہوئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر نے فاٹا بلوچستان میڈیکل اسکالرشپ کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔ آغا حسن بلوچ، پروفیسر ڈاکٹر ضیالرحمن بلوچ اور ڈاکٹر ابابگر بلوچ نے یونیورسٹی آف تربت میں شعبہ بلوچی میں پی ایچ ڈی شروع کرنے کے حوالے سے این او سی دینے پر چیئرمین ایچ ای سی کا شکریہ ادا کیا۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے چیئرمین ایچ ای سی کی ملاقات، بلوچستان کے جامعات اور ان کے مسائل پر تبادلہ خیال

ٹیگز:
آغا حسن بلوچ
