اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)سپریم کورٹ نے پیمرا کونسل آف کمپلین کے چیئرمین اور ارکان تقرری کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے واضح کر دیا کہ عہدہ اعزازی بھی ہو تو تقرری کیلئے اشتہار دینا لازمی ہوگا.
پیمرا کے چیئرمین کمپلین کونسل اور ارکان تقرری کیس کا تحریری فیصلہ جاری کردیا گیا۔ چھ صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس منصورعلی شاہ نے تحریر کیا۔عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ عوامی عہدوں پر تعیناتی ایک مقدس فریضہ ہے جو شفاف اور غیرجانبدار ہونا چاہیے، شفاف عمل کے ذریعے اہل ، قابل اور حقدار شخص کی تقرری یقینی بنانی چاہیے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت تمام شہریوں کے حقوق برابر ہیں، تعیناتیوں میں یکساں مواقع دینا اعزازی عہدوں کیلئے بھی لازمی ہے۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ پیمرا کونسل آف کمپلین کا کام اہمیت کا حامل ہے، وکلاء کے مطابق بہت سے اہل افراد تعیناتیوں کیلئے خود درخواست نہیں دیتے، اہل افراد سے خود رابطہ کرکے ان کی رضامندی کا بطور درخواست جائزہ لیا جاسکتا ہے، عہدہ اعزازی بھی ہو تو تقرری کیلئے اشتہار دینا لازمی ہوگا۔عدالت نے سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف پیمرا کی اپیل نمٹا دی۔

