اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد پولیس نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو شامل تفتیش نہ ہونے پر نوٹس جاری کردیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیخلاف 20 اگست کی تقریر پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت ( Anti Terrorist Court ) نے عمران خان کی ایک لاکھ روپے مچلکوں کے عوض یکم ستمبر تک عبوری ضمانت منظور کی تھی، یکم ستمبر کو عمران خان عدالت پیش نہ ہوئے تو انہیں عدالت کی جانب سے پیش ہونے کا حکم دے دیا گیا۔
عمران خان یکم ستمبر کی دوپہر انسداد دہشت گردی عدالت پیش ہوئے، جس پر عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 12 ستمبر تک توسیع دے دی۔تاہم اب اسلام آباد پولیس نے دہشت گردی کے مقدمے میں شامل تفتیش نہ ہونے پرچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔
نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ نے انسداد دہشت گردی عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی ہے، آپ عدالتی حکم کے باوجود شامل تفتیش ہوئے اور نہ ہی مؤقف پیش کیا۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کونوٹس میں آج تین بجے بلایا گیا تھا، عمران خان تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر جواب دیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی دہشت گردی کے مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کیلئے پولیس کے سامنے پیشی متوقع ہے۔ذرائع نے بتایا کہ تھانہ مارگلہ پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آج طلب کر رکھا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تھانہ مارگلہ میں دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج اور اعلیٰ پولیس افسران کو دھمکیوں کے معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف مجسٹریٹ اسلام آباد علی جاوید کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ایف آئی آر میں کہا گیا تھا کہ 20 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل کی گرفتاری کے خلاف عمران خان کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔
درج ایف آئی آر کے متن کے مطابق عمران خان نے تقریر میں پولیس افسران اور جج کو دھمکیاں دیں اور ڈرایا، عمران خان کی تقریر کا مقصد عدلیہ اوراعلیٰ حکام کادہشت زدہ کرنا تھا۔متن میں یہ بھی لکھا تھا کہ دھمکیوں کا مقصد یہ تھا کہ عدلیہ اور حکام اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری نہ کریں، تقریر سے پولیس حکام عدلیہ اورعوام میں خوف وہراس پھیلایا گیا ہے، تقریر سے عوام میں بے چینی، بد امنی، دہشت پھیلی اور امن تباہ ہوا۔

