کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی ترجمان سردار سربلند خان جوگیزئی نے پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وفاقی وزیر بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی مبین خلجی کے نازیباریمارکس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف اپنا کردار اور بساط دیکھ کر قومی لیڈر شپ پرتنقید کریں بصورت دیگر پیپلز پارٹی کے جیالے انہیں جواب دینا اچھی طرح جانتے ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جعلی رکن بلوچستان اسمبلی مبین خلجی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے متعلق نازیبا ریمارکس کی پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان مذمت کرتی ہے مبین خلجی اپنا کردار اور بساط دیکھ کر قومی لیڈر شپ پر تنقید کریں جعلی دستاویزات کے ذریعے شناخت تبدیل کرکے خلجی بننے والوں کو بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرنا زیب نہیں دیتا۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ بیرونی ایجنٹ عمران نیازی کی پیداوار مصنوعی قیادت یہ بتائے کہ انہوں نے چار سالوں کے دوران عوام کے لئے کیا کیا؟۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی زدہ سلیکٹڈ لوگوں نے مقدس ایوان کا تقدس پامال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، پی ٹی آئی نے چار سال تک ملک کی معیشت اور عوام کے حالات تہس نہس کردیئے۔انہوں نے کہا کہ جعلی ایم پی اے اپنی اوقات میں رہیں پیپلز پارٹی نے جواب دیا تو وہ منہ دیکھانے کے لائق نہیں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی ایجنٹ اور فارن فنڈ کی پیداوار جماعت کے جعلی رکن آئندہ پی پی پی قیادت کے خلاف نازیبا ریمارکس دینے سے گریز کریں۔انہوں نے کہاکہ اپنی نااہلی کا الزام کسی اور کو دینے کے بجائے مبین خلجی اپنے لیڈر اور جماعت کی کارکردگی عوام کو بتائیں۔
مبین خلجی اپنا کردار اور بساط دیکھ کر قومی لیڈر شپ پر تنقید کریں،سردارسربلند خان جوگیزئی

ٹیگز:
مبین خلجی
