کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کے روبرو شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت، بعدازگرفتاری ضمانت پر رہا ملزمہ مسلسل تیسری مرتبہ بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئی،معزز جج نے ملزمہ کی عدم حاضری پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت15 اگست تک ملتوی کردی،جمعرات کے روز ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج IXکوئٹہ نجیب اللہ خان کاکڑ کے روبرو شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ہوئی دوران سماعت مقتول صحافی عبدالواحد رئیسانی شہید کے بھائی اسفند یار رئیسانی ان کے وکیل کبیر بڑیچ ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے،دوران سماعت مقدمہ میں بعداز گرفتاری ضمانت پر رہا ملزمہ مسلسل تیسری مرتبہ دوران سماعت عدالت میں پیش نہیں ہوئی ملزمہ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزمہ کی سماعت میں پیش ہونے سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی جائے جس پر معزز جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر ملزمہ ہر صورت عدالت میں پیش ہو۔بعدازاں عدالت نے آئندہ سماعت 15 اگست تک ملتوی کردی۔ واضح رہے شہید صحافی کے قتل کیس میں فردکے گواہ سب انسپکٹر عبدالکریم کا بیان قلمبند ہونے کے بعد ملزمہ مسلسل تیسری سماعت پر عدالت میں پیش نہیں ہورہی گزشتہ سماعت پر بھی ملزمہ کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا تھا۔
صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت، بعدازگرفتاری ضمانت پر رہا ملزمہ مسلسل تیسری مرتبہ بھی عدالت میں پیش نہیں ہوئی

ٹیگز:
صحافی
