لاہور (انتخاب نیوز) سابق وزیراعظم اور ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے امیدوار برائے وزارت اعلیٰ پنجاب کی حمایت کرنے سے معذرت کر لی ہے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار چودھری پرویز الٰہی ہیں۔
ق لیگ کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے پی ٹی آئی کے امیدوار کی حمایت کرنے سے انکار سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے کے بعد کیا۔اس ضمن میں ہم نیوز نے ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ سابق صدر پاکستان آصف زرداری سے ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے ٹیلی فون پر بات کی جس کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں کے درمیان مختصر صلاح و مشورہ ہوا۔
سابق صدر آصف زرداری کی سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ آمد سے قبل ق لیگ کے ان کارکنان کی جانب سے جو چودھری پرویز الٰہی کے حامی ہیں، احتجاج کا سلسلہ شروع کیا گیا جو تاحال جاری ہے۔یاد رہے کہ چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ چودھری ظہور الٰہی روڈ پہ واقع ہے جو ان کے والد کے نام سے منسوب ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی آصف زرداری کی چودھری شجاعت حسین سے ملاقات کے دو طویل ادوار ہوئے تھے۔

