کوئٹہ(این این آئی)سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ سیاست میں لوگوں کا معیار کردار نہیں رہا، قومی وجود کو باوقار بنانے کیلئے جیونی سے کوہ سلیمان تک بلوچستان کے لوگ اصولوں کی بنیاد پر اکٹھے ہوں۔ حقیقی سیاسی کارکن اصولی سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے سیاسی عمل سے ٹھیکیداروں کو باہر کرکے صوبے میں حقیقی سیاست کو پروان چڑھائیں، ہمارا مقابلہ ایک ایسی ذہنیت سے ہے جس کو کتاب اور علم سے نفرت ہے اس ذہنیت کا مقابلہ علم سے کرنے کیلئے بلوچستان میں کتاب دوست تحریک کا آغاز کیا،یہ بات انہوں نے ہفتہ کو سراوان ہاوس میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سیاست میں لوگوں کا معیار کردار نہیں رہا اس کے نتیجے میں جعلی قیادت کو بلوچستان کے لوگوں پر مسلط کیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ریکوڈک کو فروخت کرکے ہمارے قومی وجود کو خطرے میں ڈال دیا گیا وہ جو ساحل و وسائل، قومی وجود کی سیاست کے دعویدار تھے اقتدار میں آکر نالی، سڑک اور چھوٹے چھوٹے مفادات حاصل کرنے کی سیاست کررہے ہیں ایسے میں حقیقی سیاسی کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے قومی وجود اور شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے بلوچستان کو درپیش قومی بدحالی کی وجوہات علم، کردار، تحقیق کی روشنی میں تلاش کرکے اپنے سماج کو قومی بدحالی اور بحرانوں سے نکالنے کیلئے بلوچستان میں ایک قومی سیاسی قوت کی تشکیل نو کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کسی چیز کی کمی نہیں اگر کسی چیز کی کمی ہے تو قومی یکجہتی اور اتفاق کی ہے صوبے کے لوگوں کو چاہیے کہ اپنے قومی وجود کو باوقار بنانے کیلئے اتحاد اتفاق اور قومی یکجہتی کو فروغ دے کر جیونی سے کوہ سلیمان تک بلوچستان کے لوگوں کو اصولوں کی بنیاد پر اکٹھا کریں کوئی بھی طاقت ہماری ترقی اور خوشحالی کا راستہ روک نہیں سکتی، انہوں نے نوجوانوں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ سیاسی جماعتوں پر سیاسی عقیدت مندوں کا قبضہ ہے ایسے میں حقیقی سیاسی کارکن اصولی سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھاتے ہوئے سیاسی عمل سے ٹھیکیداروں کو باہر کرکے صوبے میں حقیقی سیاست کو پروان چڑھائیں تاکہ ہماری آئندہ نسلیں اپنے آبا? اجداد کی طرح سیال قوموں کے درمیان ایک باوقار زندگی گزار سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے آبا? اجداد 1740ء سے کوئٹہ میں آباد ہیں یہ شہر بین الاقوامی مرکزیت رکھتا ہے مجھے بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے عشق اور محبت ہے میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ بلوچستان کے لوگوں کو ایک معیاری اصول پر یکجا کیا جاسکے تاکہ وہ قوتیں جو ہمارے رسم و رواج، روایات اقدار اور قومی حقوق کی سیاست پر حملہ آور ہیں ان کی کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے اپنے قومی وجود کو برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں دیانتدار لوگوں کا سیاسی راستہ روک کر بددیانت لوگوں کی سرپرستی میں جعلی لیڈر ایجاد کیا جاتا ہے تاکہ ان کے ذریعے لوگوں کو بد دیانتی اور کرپشن کی طرف مائل کیا جائے۔ بلوچستان کتاب دوست تحریک کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ ایک ایسی ذہنیت سے ہے جس کو کتاب اور علم سے نفرت ہے اس ذہنیت کا مقابلہ علم سے کرنے کیلئے بلوچستان میں کتاب دوست تحریک کا آغاز کیا جس کے تحت جیونی سے ڑوب تک بلوچستان پیس فورم کے پلیٹ فارم سے پچاس ہزار کتابیں مختلف جامعات، لائبریریز اور تعلیمی اداروں کو عطیہ کی جاچکی ہیں اور یہ سلسلہ جاری ہے کتاب دوست تحریک میں انفرادی طور پر ملک و بیرون ملک سے بھی لوگ حصہ لے رہے ہیں ان کی دی گئی کتابیں ہم قومی امانت کے طور پر بلوچستان میں جہاں ضرورت ہو وہاں کی لائبریریز اور تعلیمی اداروں تک پہنچاتے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات میں کوئٹہ کے حلقہ 265 پر ہونے والی دھاندلی کے خلاف بلوچستان ہائی کورٹ کا فیصلہ آنے کے باوجود تین سال سے سپریم کورٹ میں کیس نہیں چل رہا مجھ جیسے سیاسی کارکن کو پارلیمان میں جانے سے اس لیے روکا جارہا ہے تاکہ پارلیمنٹ میں بلوچستان کے معاملات پر بات نہ ہو مگر اس کے باوجود میں مایوس نہیں مجھے قوی امید ہے میں نہ سہی بلوچستان کا ایک نہ ایک حقیقی سیاسی کارکن پارلیمنٹ میں پہنچ کر بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے بلوچستان کو بحرانوں سے نکالنے میں کامیاب ہوگا۔
سیاست میں لوگوں کا معیار کردار نہیں رہا،نوابزادہ لشکری رئیسانی

ٹیگز:
نوابزادہ لشکری رئیسانی
