اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)گورنر بلوچستان جان محمد جمالی نے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ سے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی میں ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے توانائی، پاور ڈویڑن محمد ہاشم نوتیزئی بھی ملاقات میں موجود تھے، ملاقات میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے صوبہ بلوچستان کے میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے پر زور دیا گیا۔وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور بلوچستان کے لوگوں کی تعلیمی ترقی پر خاص توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے مختلف طریقوں پر کام کر رہے ہیں۔ گورنر بلوچستان نے جعفرآباد بلوچستان میں کامسیٹ یونیورسٹی کی اراضی کا دیرینہ مسئلہ اٹھایا۔وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ کوئٹہ، جعفر آباد اور گوادر میں کامسیٹ یونیورسٹی کے تین نئے کیمپس پہلے ہی منظور شدہ ہیں جنہیں جدید ترین اعلیٰ تعلیم کی سہولیات فراہم کرنے اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر قائم کیا جائے گا۔وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ جلد ہی پاکستان سائنس فاؤنڈیشن بلوچستان کے ذہین طلبا کے لیے زندگی کے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے کے لیے وظائف کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے مختلف ڈویڑنز میں کریش ووکیشنل ٹریننگ پروگرام شروع کیے جائیں گے اور لوگوں کو بااختیار بنانے اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے غیر ملکی تربیتی پروگرام بھی اس اقدام کا حصہ ہوں گے۔ گورنر بلوچستان نے صوبے کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات اور تعاون کو سراہا۔
گورنر بلوچستان کی آغا حسن بلوچ سے ملاقات،صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

ٹیگز:
گورنر بلوچستان
