کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے گزشتہ روز سنڈیمن سول اسپتال کوئٹہ کا اچانک دورہ کیا اس دوران انہوں نے شعبہ حادثات،چلڈرن وارڈ، ٹراما سینٹر، ایمرجنسی وارڈ، ایکسرے یونٹ،گائنی، میڈیکل وارڈ، جنرل وارڈ اور لیبارٹری سمیت دیگر تمام شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور اسپتال میں دستیاب سہولیات، ادویات اور علاج ومعالجے سمیت دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کوڈی ایم ایس جنرل ڈاکٹر محبوب قمبرانی نے سول ہسپتال کوئٹہ میں عوام کے علاج معالجے اور دیگر سہولیات کے حوالے سے تفصیلا بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ نے کہا کہ ہسپتالوں میں عوام کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔اس حوالے سے ذمہ داریوں میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین سہولیات پہنچانا ہے جس کے لیے اپنی استعداد کے مطابق اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے خدمت خلق کے جذبے سے ہمہ وقت متحرک رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال میں عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں صحت عامہ کی بہتری اور مریضوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں آنے والے تمام مریضوں کو بہتر صحت کی سہولت فراہم کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ شہک بلوچ کاسنڈیمن سول ہسپتال کوئٹہ کا اچانک دورہ

ٹیگز:
ڈپٹی کمشنر کوئٹہ
