لاہور(ڈیلی گرین گوادر) سردار اختر مینگل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پی ڈی ایم کا حصہ ہیں ، اور پی ڈی ایم کا حصہ ہونے کے باعث آج تک اس پلیٹ فارم سے جو بھی فیصلے ہوئے ہیں ہم اس میں ساتھ ہیں، آج کی ملاقات میں ہم نے تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے گفتگو کی ہے، اور ہم نے اس پر کام مکمل کرلیا ہے اور اب اس اقدام کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔
سردار اختر مینگل کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں بلوچستان کے مسائل حل کرنے ہوں گے، بلوچستان کے مسائل حل کرنے میں اب مزید دیر نہیں ہونی چاہیے، وقت گزرنے کے ساتھ حالات مزید خراب ہوں گے، اب فوری طور پر بلوچستان کی زیادتیوں کا ازالہ ہونا چاہیے، جیسے جیسے دن گزرتے جا رہے ہیں، بلوچستان کے لوگوں میں مایوسیاں بڑھتی جا رہی ہیں۔
سردار اختر مینگل کا کہنا تھا کہ تبدیلی کے نام سے ہمیں چڑ ہونے لگی ہے ، اب ہمیں اس تبدیلی کی بلا سے چھٹکارا حاصل کرنا ہے، جیسے سے ہی اس نام نہاد تبدیلی سرکار سے چھٹکارا حاصل کیا گیا اور بلوچستان می کوئی جمہوری حکومت آئی تو بلوچستان کے معاملات کو سیاسی طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔سربراہ بلوچستان نیشنل پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے ، اور اس کو سیاسی طریقے اور سیاسی لوگوں کے ذریعے ہی حل کیا جانا چاہیے، بلوچستان کا مسئلہ نہ تو بندوقوں سے حل ہوگا اور نہ عسکری توپوں کے ذریعے اس مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں بلوچستان کو نظر انداز کیا جاتا رہا ہے، بلوچستان کے حالات 70 سال کی زیادتیوں کا نتیجہ ہیں، اس صوبے کا مسئلہ روزِ اوّل سے سیاسی تھا اور ہے، بلوچستان کے تمام مسائل کا واحد حل بات چیت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان میں دیگر مسائل کے ساتھ سب سے اہم مسئلہ مسنگ پرسنز کا ہے، اگر کوئی شخص گناہگار اور مجرم ہے تو اس کو عدالتوں میں پیش کیا جائے، اور جو لوگ بے گناہ لاپتا ہیں، ان کو رہا کیا جائے، بازیاب کرایا جائے۔

