کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ کے ہمراہ بلوچستان یونیورسٹی کوئٹہ کا دورہ کیا۔ معزز مہمان کو وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے بارے میں آگاہ کیا۔ اساتذہ کرام سے خطاب میں جنرل سرفراز نے کہا کہ صوبے میں معیاری تعلیم و تربیت کی فراہمی میں بلوچستان یونیورسٹی کا کردار تاریخی ہے۔ تعلیم یافتہ نوجوان ہی ملک اور صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ بلاشبہ بلوچستان کے نوجوان سب سے زیادہ باصلاحیت اور باشعور ہیں۔ اساتذہ کے ذمے اپنے شاگردوں کو صوبے میں ترقی کے میسر آنے والے زیادہ سے زیادہ مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بنانے اور صوبے اور ملک کی قیادت کے لیے تیار کرنے کا اہم فریضہ ہے۔ کور کمانڈر نے اساتذہ سے حالاتِ حاضرہ اور صوبے کو درپیش مسائل پر جامع گفتگو کی اور انھیں ریاست کی بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے سنجیدگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک آرمی اور فرنٹیئر کور صوبے میں امن و امان کی بحالی کے ساتھ ساتھ حتی الامکان دیگر فلاحی کاموں پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے. کور کمانڈر نے کہا کہ ایف سی بلوچستان میں مقامی نوجوانوں بالخصوص خواتین کی شمولیت بہت خوش کن بات ہے جو کہ آنے والے بہتر دنوں کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔ کور کمانڈر نے مقامی سطح پر نمائندہ اور با اختیار کمیٹیوں کے قیام کو خوش کن قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے صوبے کے طول و عرض میں عوام کو درپیش مسائل کے مؤثر حل میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر کور کمانڈر نے آرمی اور ایف سی کی جانب سے بلوچستان یونیورسٹی کی طالبات کے ہاسٹل، آڈیٹوریم اور سینما ہال کی مرمت اور تزئین کرانے کا اعلان کیا۔ اس سے پہلے ایف سی بلوچستان دو بوائز ہاسٹل کی مکمل مرمت اور تزئین حال ہی میں مکمل کر چکی ہے۔ کور کمانڈر نے تمام اساتذہ کے لیے کوئٹہ کینٹ کے انٹری پاس کے اجراء کا وعدہ کیا۔
صوبے میں معیاری تعلیم و تربیت کی فراہمی میں بلوچستان یونیورسٹی کا کردار تاریخی ہے،لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی

ٹیگز:
لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی
